ممبئی:(ورق تازہ نیوز)مہاراشٹر کے ضلع پال گھر کے 8 ماہی گیروں کو پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہونے پر پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا ہے۔ اس واقعے کی تصدیق ریاست کے ماہی گیری کے وزیر نیتیش رانے نے کی ہے۔
وزیر رانے نے بتایا کہ "پال گھر کے یہ ماہی گیر مچھلیاں پکڑتے ہوئے غلطی سے پاکستان کی حدود میں چلے گئے ہیں۔ وہ اس وقت پاکستان میں ہیں، اور اس کی مکمل اطلاع بھارت کی مرکزی حکومت کو دے دی گئی ہے۔ چونکہ ہم ماہی گیری محکمہ سے وابستہ ہیں، اس لیے ہمارے پاس بھی کچھ معلومات موجود ہیں۔ اس معاملے پر مرکزی حکومت، وزارتِ داخلہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ شروع ہو چکا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "اس مسئلے کو مثبت انداز میں حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ میں اس وقت زیادہ تفصیل نہیں بتا سکتا، لیکن اتنا یقین دلاتا ہوں کہ بہت جلد ہمارے یہ ماہی گیر واپس بھارت آ جائیں گے۔”
ذرائع کے مطابق، یہ ماہی گیر سمندر میں مچھلیاں پکڑنے کے دوران غلطی سے سرحد پار کر کے پاکستان کی سمندری حدود میں داخل ہو گئے، جہاں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (MSA) نے انہیں حراست میں لے لیا۔فی الحال، بھارتی حکومت اور متعلقہ ایجنسیاں ماہی گیروں کی محفوظ واپسی کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔