کینسر اسکریننگ اور آگاہی کیمپ کامیابی سے مکمل
بدلاپور میں شہریوں کی غیر معمولی شرکت، محکمہ صحت کی کوششوں کی ستائش

تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے ضلع کے شہریوں کو معیاری، بہتر اور موثر صحت خدمات فراہم کرنے کے مقصد سے، ضلع پریشد تھانے اور انڈین کینسر سوسائٹی کے اشتراک سے پرائمری ہیلتھ سینٹر، بدلاپور میں غیر متعدی بیماریوں کی اسکریننگ اور بیداری کیمپ منعقد کیا گیا۔ یہ کیمپ ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پنچال (آئی بی ایس)، چیف ایگزیکٹیو آفیسر منوج راناڈے، ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر کیلاش پوار اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گنگادھر پارگے کی رہنمائی میں منعقد ہوا۔
اس کیمپ کا بنیادی مقصد کینسر کی جلد تشخیص، شہریوں میں بیداری پیدا کرنا اور انہیں صحت مند طرز زندگی اپنانے کی جانب آگاہ کرنا تھا۔ اس دوران منہ کے کینسر، چھاتی کے کینسر اور سروائیکل کینسر کی اسکریننگ کی گئی، ساتھ ہی ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا بھی معائنہ کیا گیا۔ ماہر ڈاکٹروں نے 30 سال سے زائد عمر کے شہریوں کا معائنہ کیا جبکہ خواتین میں HPV DNA اور VIA ٹیسٹنگ کے ذریعے سروائیکل کینسر کی اسکریننگ عمل میں لائی گئی۔
کیمپ سے مجموعی طور پر 56 شہریوں نے استفادہ کیا جن میں 13 مرد اور 43 خواتین شامل تھیں۔ معائنے کے دوران اورل اور گائناکالوجی ماہرین نے تفصیلی چیک اپ کیا جبکہ معالجین کی ٹیم نے ذیابیطس اور بلڈ پریشر کی جانچ کے ساتھ مناسب طبی مشورے بھی فراہم کیے۔ اس موقع پر انڈین کینسر سوسائٹی کے ماہر ڈاکٹر اور عملے کے ساتھ ڈاکٹر پرشانت قنوجا، ڈاکٹر اشونی ونے، ہیلتھ اسسٹنٹ شوبھانگی نیورے، جتیندر بورکر، پراچی بھدے اور پی ایچ سی بدلاپور کی ہیلتھ اسسٹنٹ مایا کیدار موجود تھیں۔ یو پی ایچ سی کٹراپ کی آشا ورکر سنجیوانی پاٹل، اشونی بنسود اور دیگر رضا کاروں نے بھی فعال کردار ادا کیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گنگادھر پارگے نے کہا کہ دیہی اور نیم شہری علاقوں میں کینسر، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس لیے باقاعدہ اسکریننگ اور صحت آگاہی مہمیں وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صحت سے غفلت نہ برتیں اور وقتاً فوقتاً چیک اپ کرواتے رہیں۔
بدلاپور اور اطراف کے شہریوں نے اس کیمپ میں بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور محکمہ صحت کی اس کوشش کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔