دبٸ ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط ہوگئی ہے۔ کھیل کے چوتھے دن پاکستان نے آسٹریلیا کے 136 رنوں پر تین وکٹ گرادئے اور اب اس کو جیت کیلئے سات وکٹوں کی درکار ہے ۔ وہیں آسٹریلیا کو میچ بچانے کیلئے پورے دن بلے بازی کرنے ہوگی اور جیت کیلئے اس کے سامنے اب بھی 326 رنوں کا پہاڑ ہے۔ دبئی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ایک مرتبہ پھر تیز گیند باز محمد عباس نے آسٹریلیا کی ناک میں دم کردیا ۔
پہلی اننگز میں چار وکٹ حاصل کرنے والے تیز گیند باز محمد عباس نے دوسری اننگز میں آسٹریلیا کے تین وکٹ لے ڈالے ۔ دوسری اننگز میں ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے مل کر اسکور بورڈ پر 87 رن لگادئے تھے ، لیکن اس کے بعد عباس نے اپنی سوئنگ کا کمال دکھایا ۔ سب سے پہلے انہوں نے فنچ کو 49 رنوں پر آوٹ کیا ۔ اس کے بعد عباس نے شان مارش اور مشیل مارش کو صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔