ملک میں 324 دواؤں کے نمونے جانچ میں ناکام، آکسی ٹوسن اور البینڈازول بھی فہرست میں شامل

نئی دہلی: ملک میں دواؤں کے معیار کو لے کر ایک بار پھر تشویش بڑھانے والی رپورٹ سامنے آئی ہے۔ مرکزی ادارہ برائے ادویات معیارات و کنٹرول (سی ڈی ایس سی او) کی اکتوبر ماہ کی نگرانی جانچ میں 324 دواؤں کے نمونے مقررہ معیار پر پورے نہیں اترے۔ اس کے علاوہ ایک دوا کو نقلی بھی قرار دیا گیا ہے۔ معیار کی جانچ میں ناکام ہونے والی دواؤں میں پریگابلین کیپسول، زچگی کے دوران استعمال ہونے والا آکسی ٹوسن انجیکشن اور پیٹ کے کیڑوں کے علاج میں استعمال ہونے والی البینڈازول گولیاں بھی شامل ہیں۔ ڈرگ ریگولیٹر نے بدھ کو جاری اپنی رپورٹ میں یہ معلومات دی ہیں۔

سی ڈی ایس سی او کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں معیار کی جانچ میں ناکام ہونے والے 324 نمونوں میں سے 37 کی جانچ مرکزی ادویات کی تجربہ گاہوں میں کی گئی، جب کہ 287 نمونوں کو مختلف ریاستوں کی تجربہ گاہوں نے مقررہ معیار کے مطابق نہیں پایا۔

ان میں سگنیچر فائٹو کیمیکل انڈسٹریز کے پریگابلین کیپسول آئی پی 300 ملی گرام، بایو میڈیکا لیبارٹریز لمیٹڈ کے آکسی ٹوسن انجیکشن آئی پی اور الٹرا ڈرگز پرائیویٹ لمیٹڈ کی البینڈازول گولی آئی پی 400 ملی گرام شامل ہیں۔

رپورٹ میں ان دواؤں کے نمونوں میں پائی جانے والی خامیوں کی تفصیلات بھی دی گئی ہیں۔ پریگابلین کے نمونے میں وزن کی یکسانیت اور دوا میں پریگابلین کی مقررہ مقدار سے متعلق ٹیسٹ پورے نہیں ہوئے۔ وہیں زچگی کے دوران استعمال ہونے والے آکسی ٹوسن انجیکشن کا نمونہ انڈین فارماکوپیا (آئی پی) 2022 کے جراثیم سے پاک ہونے کے معیار پر پورا نہیں اترا۔

اس کے علاوہ البینڈازول گولی کا نمونہ تحلیل ہونے کی صلاحیت سے متعلق ٹیسٹ میں ناکام رہا۔ یہ جانچ اس بات کا تعین کرتی ہے کہ دوا جسم میں کس طرح اور کتنی آسانی سے تحلیل ہوتی ہے۔

معیار کے مقررہ پیمانوں پر پورا نہ اترنے والی 324 دواؤں کے علاوہ آسام کی ریاستی ڈرگ لائسنسنگ اتھارٹی نے ایک دوا کو نقلی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق الزام ہے کہ غیر مجاز مینوفیکچرر ایک دوسری کمپنی کے ملکیتی برانڈ نام کا استعمال کرکے یہ دوا تیار کر رہے تھے۔ فی الحال یہ معاملہ جانچ کے دائرے میں ہے۔ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ اور اس کے تحت بنائے گئے ضابطوں کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

این ایس کیو یعنی ناٹ ان دواؤں کو کہا جاتا ہے جن کے نمونے مقررہ معیار یا خصوصیات پر پورے نہیں اترتے۔ اس میں دوا کی لیبلنگ، تحلیل ہونے کی صلاحیت، وزن کی یکسانیت اور جراثیم سے پاک ہونے جیسے معیارات شامل ہیں۔ ملاوٹ شدہ اور نقلی دواؤں کو اس سے الگ زمرے میں رکھا جاتا ہے۔