کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے اور حد بندی کے عمل پر سخت اعتراض کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی اس کے ذریعے ملک کا انتخابی نقشہ اپنے حق میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ہندوستان کے لیے بلکہ خاص طور پر جنوبی ہندوستان اور تمل ناڈو کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا۔
راہل گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا کی نشستوں کی تعداد 850 تک بڑھانے سے بی جے پی کو انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی اپنے سیاسی مفادات کے مطابق کرنے کا اختیار مل سکتا ہے۔ اس سے انتخابی حلقوں کی موجودہ ساخت پوری طرح بدل جائے گی اور جنوبی ہندوستان، خصوصاً تمل ناڈو، کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن سے درخواست کی ہے کہ وہ تمل ثقافت کے مضبوط محافظ کی حیثیت سے ریاست کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں اور بی جے پی کے مبینہ منصوبے کو کامیاب نہ ہونے دیں۔