نئی دہلی: مرکزی حکومت نے جمعہ کو ون نیشن، ون الیکشن (ایک ملک، ایک انتخاب) کی تجویز کا جائزہ لینے کے لئے سابق صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی پینل کا قیام عمل میں لایا ہے۔ وہ اس تجویز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مرکزی حکومت کو ایک رپورٹ پیش کریں گے۔
یہ اقدام حکومت کی جانب سے 18 سے 22 ستمبر تک پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے اعلان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے۔خصوصی اجلاس کے اعلان کے فوراً بعد، ’’ایک قوم، ایک انتخاب‘‘ تجویز پر قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں جس کے بارے میں میڈیا کے ایک حصے نے اطلاع دی تھی کہ پارلیمنٹ اجلاس کے دوران اس پر بحث ہو سکتی ہے۔
اس تجویز کا مطلب پورے ملک میں لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانا ہے۔بی جے پی اور وزیراعظم نریندر مودی نے کئی مواقع پر اس معاملے پر بات کی ہے اور یہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے منشور کا ایک حصہ بھی تھا۔بتایا جاتا ہے کہ 1967 تک ہندوستان میں بیک وقت انتخابات کا انعقاد معمول تھا
اور اس طرح چار مرتبہ انتخابات ہوئے تھے۔ 1968-69 میں کچھ ریاستی اسمبلیاں قبل از وقت تحلیل ہونے کے بعد یہ عمل رک گیا۔لوک سبھا بھی پہلی مرتبہ شیڈول سے ایک سال پہلے تحلیل ہوگئی تھی اور وسط مدتی انتخابات 1971 میں کرائے گئے تھے۔