وزیرِاعلیٰ سمرُدھ پنچایت راج مہم کے تحت تھانے ضلع میں دیہی مکانات کے کاموں کا معائنہ
تھانے، (آفتاب شیخ):
وزیرِاعلیٰ سمرُدھ پنچایت راج مہم کے تحت ریاست میں دیہی مکانات کی تعمیر کے کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لینے کے لیے تھانے ضلع میں اعلیٰ افسران نے معائنہ کیا۔ وزیرِاعلیٰ کی ہدایت کے مطابق یہ مہم دیہی علاقوں میں مکانات کی تعمیر، ریت پاس کی تقسیم، اور پردھان منتری سوریہ گھر یوجنا کے فوائد کے نفاذ کے مقصد سے جاری ہے۔
ریاستی محکمہ دیہی مکانات کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راجارام دیگھے، کوکن ڈویژن کے ایڈیشنل کمشنر (تعمیرات) مانیک دیوے، پروجیکٹ ڈائریکٹر چھایا دیوی شیسودے، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سچن پانجھاڑے اور راج لکشمی یِرپُڈے نے 29 اکتوبر کو تھانے ضلع کے شاہ پور، مُرباڑ اور بھیونڈی تعلقوں کے مختلف گاؤں — پٹگاؤں، شِرگاؤں، کھاتیوِلی، بورشِٹی، کھرڑی، کتئی، کامبے اور پریولی — کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر افسران نے دیہی مکانات کی تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا، مستفیدین سے ملاقات کی اور منریگا سے وابستہ کاموں پر تبادلۂ خیال کیا۔
بعد ازاں شاہ پور پنچایت سمیتی میں گروپ ڈولپمنٹ افسران پروگرام افسران ایکسٹینشن افسران، اکاؤنٹس آفیسران، ڈیٹا آپریٹروں اور دیہی مکانات کے انجینئروں کی مشترکہ میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں پردھان منتری آواس یوجنا (دیہی) مرحلہ اوّل اور دوم، نیز ریاستی معاونت یافتہ اسکیموں کے زیرِ التوا مکانات کو مہم کی مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اسی کے ساتھ پردھان منتری سوریہ گھر یوجنا اور دیگر اسکیموں کے تحت منظور شدہ خاندانوں میں شمسی توانائی کے منصوبے قائم کرنے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ افسران نے تمام کام بروقت مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
پروجیکٹ ڈائریکٹر چھایا دیوی شیسودے نے گروپ ڈولپمنٹ آفیسران کو ہدایت دی کہ وزیرِاعلیٰ سمرُدھ پنچایت راج مہم کے دوران تمام ہدفی سرگرمیوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔