’نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا‘ کا نعرہ کھوکھلا ثابت، ملک میں ل وٹ مار کا ماحول: ہرش وردھن سپکال

’نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا‘ کا نعرہ کھوکھلا ثابت، ملک میں لوٹ مار کا ماحول: ہرش وردھن سپکال

کسان، نوجوان اور عوام حکومت کی پالیسیوں سے متاثر، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رہے گی

ممبئی: ممبئی یوتھ کانگریس کی جانب سے جاری ’نیائے ستیہ گرہ‘ تحریک میں شرکت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے وعدے اور نعرے عملی طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ ’نہ کھاؤں گا نہ کھانے دوں گا‘ جیسے نعرے محض دعووں تک محدود رہے اور گزشتہ برسوں میں ملک میں بدعنوانی اور معاشی بے ضابطگیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

’نیائے ستیہ گرہ‘ کی یہ تحریک ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین کی قیادت میں شروع ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور عہدیداران شریک ہوئے۔ اس موقع پر ہرش وردھن سپکال نے یوتھ کانگریس کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پارٹی نوجوانوں کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک زرعی ملک ہے، لیکن موجودہ حکومت کے دور میں کسان شدید بحران کا شکار ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کسانوں سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے گئے اور نہ ہی انہیں ان کی پیداوار کی مناسب قیمت مل رہی ہے، جبکہ کھیتی کی لاگت میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے امریکہ کے ساتھ کیے گئے تجارتی معاہدے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس سے کسانوں کو نقصان پہنچا ہے اور حکومت بیرونی دباؤ میں فیصلے کر رہی ہے۔

ہرش وردھن سپکال نے قومی سلامتی کے معاملات پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پلوامہ حملے میں استعمال ہونے والے دھماکہ خیز مواد کے حوالے سے اب تک مکمل وضاحت سامنے نہیں آئی، جبکہ دیگر دہشت گردانہ واقعات میں بھی ذمہ داران کے خلاف مؤثر کارروائی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں شفافیت اور جوابدہی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معاشی اور سماجی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے، اور حکومت کے ترقی کے دعوے زمینی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔ موجودہ حالات میں عوام، خاص طور پر کسان، مزدور، نوجوان اور متوسط طبقہ مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ کانگریس پارٹی آئین، جمہوریت اور ملک کی بنیادی اقدار کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جدوجہد ایک بڑی عوامی تحریک کی صورت اختیار کر رہی ہے اور اس میں تمام طبقات کی شمولیت ضروری ہے۔ اس موقع پر زینت شبرین، ایڈووکیٹ سندیش کونڈویلکر، بھوشن پاٹل، شاہ عالم شیخ، تنظیمی جنرل سکریٹری تیجس چاندورکر سمیت دیگر لیڈران اور کارکنان بھی موجود تھے۔

MPCC Urdu News 8 April 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading