نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا مرکز علم ہے، علم کے بغیر ہر حکمت نامک مل دارالعلوم اہلسنت غریب نواز تربھے میں 11 حفاظ کی دستاربندی

نئی ممبئی (آفتاب شیخ) اسلام میں علم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، علم کے بغیر نہ عبادت مکمل ہے اور نہ ہی حکمت۔ فرشتوں کے سامنے انسان کی فضیلت بھی علم ہی کی بنیاد پر ثابت ہوئی اور نبی اکرم ﷺ نے اپنی امت کو سب سے زیادہ علم حاصل کرنے کی تلقین فرمائی۔ ان خیالات کا اظہار علامہ سید نظامی حسن فردوسی ازہری نے نئی ممبئی کے تربھے میں دارالعلوم اہلسنت غریب نواز کے 26 ویں سالانہ جشنِ دستاربندی سے خطاب کے دوران کیا۔ یہ تقریب علامہ سید عبدالرب مخدومی فردوسی عرف چاند بابو کی سرپرستی اور ادارہ کے ناظم و مہتمم مولانا خلیل اللہ خان سبحانی کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام کی بڑی تعداد کے ساتھ نئی ممبئی اور مضافات سے عوام کا جمِ غفیر شریک ہوا۔ اس موقع پر ادارہ کے 11 حفاظ کرام کے سروں پر علامہ سید عبدالرب چاند بابو اور دیگر علمائے کرام کے ہاتھوں دستار باندھی گئی۔
اس موقع پر مقرر خصوصی علامہ سید نظامی حسن فردوسی ازہری نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کا مرکز علم اور حکمت رہا ہے، آپ ﷺ کے صحابہ کرام، ازواج مطہرات اور رفقا کے ساتھ مکالمات ہمیشہ علمی اور حکمت آموز ہوا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دین کو عصر سے جدا نہیں کیا جا سکتا، یہ کہنا غلط ہے کہ دینی تعلیم عصری تعلیم سے الگ ہے، کیوں کہ دین اپنے اندر تمام علوم کو سمیٹے ہوئے ہے۔ البتہ موجودہ سائنسی اور جدید تعلیم کی جانب بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ امت ہمہ جہت ترقی کر سکے۔
واضح رہے کہ دارالعلوم اہلسنت غریب نواز کی بنیاد 26 سال قبل تربھے میں پیر طریقت حضرت مولانا سید عبدالرب مخدومی فردوسی عرف چاند بابو کے ہاتھوں رکھی گئی تھی، تب سے یہ ادارہ مسلسل دینی و ملی خدمات انجام دے رہا ہے۔ امسال ادارہ سے عبدالقادر محمد عتیق، محمد معروف محمد ایوب، شیرعلی نورمحمد، محمد محفوظ نور حسین، محمد راحل عباس علی، محمد الفاظ لعل محمد، محمد عامر رجب علی، حامد رضا شیرعلی، محمد عقیل محمد خلیل، عبدالصمد منیر علی اور محمد ریحان محمد سراج نے حفظ و قرأت میں فراغت حاصل کی، جن کی دستاربندی عمل میں آئی۔
ادارہ کے ناظم و مہتمم مولانا خلیل اللہ خان سبحانی نے بتایا کہ دارالعلوم کی توسیع کے لیے مسجد سے متصل ایک نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے، جس کا افتتاح بھی حضرت چاند بابو کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس نئی عمارت میں آئندہ عالم، فاضل اور دیگر دینی و تعلیمی شعبہ جات کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر ٹرسٹیان حاجی خلیل احمد سبحانی، الحاج سیف اللہ سبحانی، حاجی افضل حسن سبحانی، حاجی امتیاز سبحانی اور حاجی حیدر علی سبحانی نے مہمان علمائے کرام کی گلپوشی کی۔ جلسہ کی نظامت حافظ دلشاد فاروقی نے انجام دی، جبکہ معروف نعت خواں زبیر فیضی، حافظ ساجد سبحانی اور عمران گونڈوی نے نعت و منقبت پیش کر کے محفل کو روح پرور بنایا۔ اس تقریب میں ممبرا سے مولانا محفوظ الرحمن علیمی، مولانا صغیر احمد برکاتی سمیت ممبئی اور نئی ممبئی کے متعدد علمائے کرام نے شرکت کی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading