اندیڑ (نمائندہ): پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ کے دفتر کے تحت 199 پولیس کانسٹیبل کی اسامیوں کے لیے بھرتی کا عمل 11 فروری 2026 سے شروع ہو رہا ہے۔ اس بھرتی کے لیے مجموعی طور پر 14,682 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ پولیس انتظامیہ کے مطابق یہ عمل ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار طریقے سے انجام دیا جائے گا۔
بھرتی کے لیے ناندیڑ پولیس ہیڈکوارٹر کے میدان میں جسمانی و میدانی ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے۔ سیکیورٹی اور انتظامی امور کے لیے ایک پولیس سپرنٹنڈنٹ، دو ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ، پانچ سب ڈویژنل پولیس افسران، 60 پولیس افسران اور 250 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
جسمانی امتحان میں 100 میٹر دوڑ، 1600 میٹر دوڑ (خواتین امیدواروں کے لیے 800 میٹر) اور گولہ پھینک شامل ہوگا۔ جسمانی امتحان 50 نمبروں پر مشتمل ہوگا، جس کے بعد اہل امیدواروں کا 100 نمبروں کا تحریری امتحان لیا جائے گا۔
شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے جسمانی امتحان RFID ٹیکنالوجی، بایومیٹرک سسٹم، آٹو فوٹو کیپچر اور سی سی ٹی وی نگرانی کے تحت منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 100 سی سی ٹی وی کیمرے، ڈرون کیمرے اور سادہ لباس میں اہلکار تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی یا غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔
پولیس انتظامیہ نے امیدواروں کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی دلال یا درمیانی شخص کے جھانسے میں نہ آئیں۔ اگر کوئی رقم کا مطالبہ کرے تو فوراً ناندیڑ ضلع پولیس کنٹرول روم یا پولیس سپرنٹنڈنٹ ناندیڑ کے دفتر سے رابطہ کریں۔