ناندیڑ:5 جولائی۔(ورق تازہ نیوز)ناندیڑ میونسپل کارپوریشن نے شہر میں پھر ایکبار پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والے دوکانداروں کے خلاف کاروائی کی مہم تیز کردی ہے ۔
گزشتہ تین دنوں سے یہ کاروائی جاری ہے اور اب تک ہزاروں روپیوں کاجرمانہ وصول کیاگیا ہے ۔گزشتہ روز قدیم شہر کے دیگلورناکہ علاقہ میں پھل فروش ہاتھ گاڑے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی گئی ۔ کیونکہ وہ لوگ گاہکوں کو پھل دینے کیلئے کھلے عام پلاسٹک کیری بیاگ کا استعمال کررہے ہیں جس پر حکومت نے پابندی عائد کردی ہے ۔
آج 5 جولائی کو بھی شہر کے سری نگر ‘ قدیم مونڈھا اوراتوارہ علاقوں میں 90دوکانوں کی جانچ کی گئی اس دوران پانچ دوکانداروں کے پاس حکومت کے امتناع عائد کردہ پلاسٹک کیری بیاگ پائے گئے ۔
کارپوریشن کی ٹیم نے ان دوکانداروں سے 32 کلو پلاسٹک کیری بیاگ ضبط کرکے فی کس 5ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے ۔شہر میں کیری بیاگ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں اور اسکے استعمال کنندگان کے خلاف کاروائی اسی طرح کاروائی جاری رہے گی ۔
مذکورہ کاروائی کمشنر لہوراج مالی کی رہنمائی میں ڈپٹی کمشنر(ایڈمنسٹریشن) ‘ اسسٹنٹ کمشنر (صفائی ) متعلقہ زونل افسران و متعلقہ صفائی انسپکٹرس ودیگر ملازمین نے انجام دی ۔
کارپوریشن حکام نے تمام کاروباریوں کے علاوہ ہاتھ گاڑے والوں کو مطلع کیا ہے کہ شہر میں پلاسٹک کیری بیگز یا پانی پاوچ کے ذخیرہ فروخت اور استعمال سے گریز کرکے کارپوریشن کاتعاون کریں ۔