ناندیڑ:10. ستمبر۔(ورق تازہ نیوز)قدیم شہر ناندیڑ کے قدوائی نگر سے متصل عیدگاہ قبرستان میں مدفون ایک خاتون کی قبر سے پراسرار آواز آنے کی اطلاع کے بعد کل رات اس قبرستان میں ہزاروں کی تعداد میں علاقہ کے لوگ جمع ہوگئے تھے اس کے بعد دیہی پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ افسران بھی پہنچ گئے اور عوام کو وہاں سے ہٹا دیا۔
اسی علاقے کی 25 سالہ خاتون کا ڈیلیوری کے کچھ دنوں بعد انتقال ہوگیا تھا اسلیے گھر والوں نے اسے عید گاہ کے قبرستان میں تدفین کی تھی ۔لیکن کچھ دنوں سے گھر والوں کا کہنا ہیکہ یہ خاتون انکے خواب میں آئی اور کہنے لگی کہ اسے قبر سے دوبارہ باہر نکالیں۔ جب گھر کے لوگ قبرستان پہنچے تو انھیں مبینہ طور پر قبر سے پراسرار آواز سنائی دینے کی بات کہی۔
مگر علاقہ کے دوسرے لوگوں نے اس طرح کی آواز سنائی دینے سے انکار کیا۔ اس بارے میں مراٹھواڑہ کے مفتی اول حضرت مفتی خلیل الرحمٰن قاسمی صاحب سے ربط قائم کرنے پر انھوں نے کہا کہ قبر سے پراسرار آواز سنائی دینے کی بات محض افواہ ہے۔
مرنے کے بعد قبر سے اس طرح کی آواز کبھی سنائی نہیں دیتی۔عوام اس طرح کی افواہ پر دھیان نہ دیں۔