ناندیڑ:(ورق تازہ نیوز) منظور شدہ ترقیاتی منصوبے کے تحت سڑک کی توسیع میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خلاف ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن نے 3 اگست 2026 کو بڑی کارروائی انجام دی۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار ڈوئیفوڑے اور پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نیلب روہن کی مشترکہ نگرانی میں عیدگاہ کمان روڈ سے بوندھار بائی پاس تک کئی برسوں سے قائم پختہ اور عارضی تجاوزات کو جے سی بی مشینوں کی مدد سے مکمل طور پر منہدم کر دیا گیا۔
منظور شدہ ترقیاتی منصوبے کے مطابق عیدگاہ کمان سے بوندھار بائی پاس تک سڑک کو 60 فٹ چوڑا کیا جانا ہے، جس کا کام محکمہ تعمیرات عامہ کے ذریعے جاری تھا۔ تاہم اس راستے پر قائم تجاوزات کی وجہ سے گزشتہ دو برس سے سڑک کی توسیع کا کام رکا ہوا تھا۔مقامی افراد نے سڑک کی توسیع کے لیے مختص زمین پر تقریباً 33 فٹ تک گھروں اور دیگر تعمیرات کے ذریعے غیر قانونی قبضہ کر رکھا تھا، جس سے منصوبہ متاثر ہو رہا تھا۔
محکمہ تعمیرات عامہ کی درخواست پر میونسپل کارپوریشن کے انسداد تجاوزات دستے نے کارروائی کرتے ہوئے اس پورے راستے پر واقع 10 سے 15 مکانات کے پختہ حصے، غیر مجاز شیڈز اور دکانوں کی توسیع شدہ تعمیرات کو ہٹا کر سڑک کی زمین کو تجاوزات سے مکمل طور پر آزاد کر دیا۔