ناندیڑ:13 مارچ۔(نامہ نگار)آج 13مارچ بروز بدھ کو ناندیڑ شہر کے پاکیزہ فنکشن ہال میں علماءکرام کی میٹنگ کاانعقاد کیاگیا جس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر وسابقہ وزیراعلیٰ اشوک را و چوہان( ایم پی) مدعو خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے ۔سابقہ میئر عبدالستارنے اس اجلاس کااہتمام کیاتھا ۔اس موقع پر علماءکرام نے مسلمانوں کے مسائل پر ایوان لوک سبھا میں ناندیڑ کے کانگریس رکن پارلیمنٹ کی جانب سے کوئی آوا ز نہ اُٹھانے پرشدید ناراضگی کااظہار بھی کیا ۔
بالخصوص طلاق ثلاثہ بل ‘ موب لنچنگ ُمسلم ریزرویشن ‘ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی مہاراشٹرمیں شاخ کے قیام اوردیگر اہم موضوعات سے اشوک راو¿ کو واقف کروایاگیا ۔ اشوک راﺅ چوہان نے تقریباًایک گھنٹہ علماءکرام کی جانب سے کئے گئے سوالات کو بغور سنا اور اس کے بعد ان کے تفصیلی جوابات دیئے ۔ اشوک راو¿ نے علماءکرام کے سوالات اورشکایات کوتسلیم کی اور تمام سوالات کامدلل جواب بھی دیا۔بالخصوص ناندیڑ شہر کے اسمبلی حلقوں سے اقلیتی طبقہ کے امیدوار کو کانگریس کی جانب سے ٹکٹ نہ دئےے جانے کا معاملہ بھی شدت کے ساتھ اٹھایاگیا ۔جس پر اشوک راو¿ نے دو ٹوک انداز میں سلوڑ(اورنگ آباد ضلع) کے کانگریس کے رکن اسمبلی عبدالستار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ عبدالستارکے حلقہ اسمبلی میں محض 20 فیصد مسلمان ہیں اس کے باوجودوہ منتخب ہوتے ہیں ، اس لئے کہ ان کے دیگر طبقات کے ساتھ تعلقات بہت اچھے ہیں ۔ انہوںنے رکن اسمبلی کی اُمیدواری کے خواہشمند ناندیڑ کے کانگریسی مسلم قائدین کو سلوڑ کے عبدالستار کی حکمت عملی اختیارکرنے کی نصیحت دی ۔اشوک چوہان نے ایم ایل سی کے مطالبے پروجاہت مرزا کی یاد دلاتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے عنقریب ہی پوسد کے وجاہت مرزا کو ایم ایل سی کے لئے نامزد کیا ہے۔رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ ” مودی حکومت کوشکست دینے کے لئے کانگریس پارٹی پوری طاقت جھونک رہی ہے ،اب اقلیتی طبقہ کو یہ طئے کرنا ہوگا کہ وہ کس کے ساتھ ہیں ؟ وہ مودی کو روکنے والوںکے ساتھ یا پھر مودی کو فائدہ پہنچانے والوں کے ساتھ ہیں۔آج کے اجلاس میں علماءکرام کے علاوہ رکن اسمبلی ڈی پی ساونت ، ایم ایل سی امرراجور کر، ضلع صدرناگیش ناگلیکر ،اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمین مسعوداحمد خان ،لیاقت انصاری ،شمیم عبداللہ ،سید شیر علی ، عبدالحبیب باغبان ،عبدالغفار،منجتب الدین ودیگر معززان موجود تھے۔نشست کے اغراض ومقاصدسابق میئر عبدالستارنے بیان کئے جبکہ سابق ڈپٹی میئر شفیع احمد قریشی کے شکریہ پراجلاس کا اختتام ہوا۔
