ناندیڑ ضلع میں زلزلے کے ہلکے جھٹکے، شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل

ناندیڑ، 11 اپریل: (ورق تازہ نیوز)ضلع ناندیڑ کے مختلف علاقوں میں آج صبح زلزلے کے ہلکے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے بعد انتظامیہ نے شہریوں سے ہوشیار رہنے اور افواہوں سے دور رہنے کی اپیل کی ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ناندیڑ شہر کے علاوہ دیہی علاقوں، اردھاپور، ہدگاؤں اور ہمایت نگر تعلقہ کے بعض دیہات میں آج صبح تقریباً 8 بج کر 45 منٹ پر زمین ہلنے اور زیرِ زمین آوازیں سنائی دینے کی شکایات مقامی افراد کی جانب سے انتظامیہ کو دی گئیں۔

بعد ازاں نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کی ویب سائٹ پر جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ اسی وقت آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 درج کی گئی ہے۔ اس کا مرکز ہنگولی ضلع کے وسمت تعلقہ کے شِرلی گاؤں کے شمال میں واقع تھا۔

انتظامیہ کے مطابق یہ جھٹکے معمولی نوعیت کے تھے اور کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ متعلقہ تحصیلداروں نے ضلع ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو اس بارے میں آگاہ کیا ہے۔

ضلع کے نگراں وزیر اتُل ساوے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھبرائیں نہیں بلکہ احتیاط برتیں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

اسی طرح ضلع کلکٹر راہُل کردیلے نے بھی عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی افواہ پر یقین نہ کریں اور پرسکون رہیں۔

انتظامیہ نے مزید ہدایت دی ہے کہ جن گھروں کی چھتیں ٹین (شیٹ) کی ہیں اور ان پر وزن کے لیے پتھر رکھے گئے ہیں، وہ فوری طور پر ہٹا دیے جائیں اور چھت کو بولٹ کے ذریعے مضبوطی سے فٹ کیا جائے۔ اگر دوبارہ اس قسم کی آواز یا جھٹکے محسوس ہوں تو فوراً گھروں سے باہر نکل کر کھلی جگہ پر جمع ہوں اور ضلع انتظامیہ کے ہیلپ لائن نمبر (02462-235077) پر اطلاع دیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading