ناندیڑ:گوداوری ندی خطرے کے نشان سے صرف دیڑھ میٹر نیچے

ناندیڑ:20 ستمبر۔(ورق تازہ نیوز)مراٹھواڑہ بھر میں مسلسل بارش جاری ہے اور جائیکواڑی کے علاوہ سدیشور ‘ یلدری ڈیم سے مسلسل پانی کااخراج جاری ہے جو گوداوری ندی میں پہنچ رہاہے۔ اسلئے ناندیڑسے بہنے والی گوداوری ندی میںسیلاب کاخطرہ بڑھ گیا ہے اور آج شام تک وشنوپوری ڈیم کے دس دروازے کھول دئےے گئے ہیں۔ جس سے ندی میں سیلاب آیا ہوا ہے اورناندیڑ ضلع میںجہاںسے یہ ندی گزررہی ہے وہاں کنارے پرآباد لوگوں کوخطرہ لاحق ہوگیا ہے تاہم ضلع انتظامیہ صورتحال پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہے ۔

سپرنٹنڈنٹ انجینئر ناندیڑ ایری گیشن منڈل ناندیڑ کے دفتر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق گوداوری ندی کی سطح آب 352.55میٹرتک پہونچ گئی ہے ۔ندی کوخطرے کانشانہ عبور کرنے کے لئے صرف دیڑھ میٹر باقی ہے ۔ 354میٹر کے نشان کواگر گوداوری کاپانی عبور کرلیتا ہے تواسے خطرہ کہاجاتا ہے ۔ انتباہ کی سطح آب 2,13000 کیوسک اورخطرہ کا انتباہ 3,09,774 کیوسک مقرر ہے ۔ یہ اعداد شہر کے پرانے پل پر لگائے ہوئے نشانات کے مطابق حاصل کئے جارہے ہیں ۔

ضلع انتظامیہ نے گوداوری ندی کے کنارے آباد بستیوں کو چوکنارہنے کی ہدایت ور ضلع انتظامیہ کاتعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔جائیکواڑی ‘وشنوپوری‘ اپر پین گنگا ڈیم 100 فیصد بھرچکے ہیں ۔ ادھر تیلنگانہ میں پوچم پاڈ ڈیم بھی صدفیصد بھرچکا ہے ۔ اس ڈیم میںگوداوری کاپانی پہونچتا ہے ۔ اس لئے ناندیڑ ضلع میں گوداوری ندی کی سیلابی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔