بی جے پی کی کسان مخالف پالیسیوں کے باعث مہاراشٹر میں روزانہ 8 ک سان خودکشی کر رہے ہیں، امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کسانوں کو تبا ہ کر دے گا: ہرش وردھن سپکال

بی جے پی کی کسان مخالف پالیسیوں کے باعث مہاراشٹر میں روزانہ 8 کسان خودکشی کر رہے ہیں، امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کسانوں کو تباہ کر دے گا: ہرش وردھن سپکال

بلڈھانہ ضلع میں کانگریس کی کسان جدوجہد یاترا کو زبردست عوامی حمایت

ممبئی/بلڈھانہ: کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کسان مخالف پالیسیوں کے نتیجے میں مہاراشٹر میں کسان بدحالی کا شکار ہیں اور ریاست میں ہر تین گھنٹے میں ایک کسان خودکشی کر رہا ہے، یعنی روزانہ تقریباً آٹھ کسان اپنی جان دے رہے ہیں، جس کی پوری ذمہ داری مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔

بلڈھانہ ضلع میں مانے گاؤں سے جلگاؤں جامود تک کانگریس کی جانب سے نکالی گئی “شیو سمان کسان سنگھرش پدیاترا” کے دوران خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ کانگریس اتحاد کے دورِ حکومت میں کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جاتی تھی، قرض معافی دی گئی تھی اور قدرتی آفات کے وقت حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی رہتی تھی، لیکن 2014 کے بعد سے بی جے پی حکومت نے کسانوں کے ساتھ صرف وعدہ خلافی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کو مناسب قیمت نہیں مل رہی جبکہ کھیتی سے جڑی اشیاء کی قیمتیں بڑھنے کے باعث کسانوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اس پدیاترا میں کانگریس کے او بی سی شعبہ کے ریاستی صدر یشپال بھنگے، بلڈھانہ ضلع کانگریس صدر راہل بوندری، ہنمنت پوار سمیت بڑی تعداد میں کارکنان اور کسان شریک ہوئے۔ جلسۂ اختتام سے خطاب کرتے ہوئے سپکال نے کہا کہ سویا بین، کپاس، پیاز، تور، چنا اور دھان جیسی فصلوں کو مناسب قیمت نہ ملنے کی وجہ سے کسان شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف قدرتی آفات اور دوسری طرف حکومتی پالیسیوں نے کسانوں کو دوہری مار میں مبتلا کر دیا ہے۔

انہوں نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں ہندوستانی کسانوں کو اپنی پیداوار کا مناسب معاوضہ نہیں ملے گا اور وہ مزید بدحال ہو جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ معاہدہ دباؤ میں کیا گیا ہے اور اس کا سب سے زیادہ نقصان کسانوں کو اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے اور کسانوں کے مفادات کے تحفظ تک خاموش نہیں بیٹھے گی۔

ہرش وردھن سپکال نے بی جے پی اور اس سے وابستہ نظریاتی حلقوں پر الزام لگایا کہ وہ مسلسل چھترپتی شیواجی مہاراج کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شخصیات کی جانب سے شیواجی مہاراج کی توہین کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسی نظریے کے لوگ ساوتری بائی پھولے کی بھی مخالفت کرتے رہے ہیں اور آج وہی فکر اقتدار میں ہے، لیکن مہاراشٹر کے عوام کسی بھی صورت میں اپنی عظیم روایت کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کے بعد بی جے پی نے مہاراشٹر میں جشن منایا، جبکہ ریاست میں کسان خودکشی کر رہے ہیں اور خواتین کے خلاف جرائم بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے حالات میں جشن منانا کس حد تک مناسب ہے۔

اس موقع پر راہل بوندری اور ہنمنت پوار نے بھی بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading