ناندیڑ:صرافہ تاجر کے قاتل کی پولس کسٹڈی میں مزید توسیع

ناندیڑ: 5 نومبر ۔(ورق تازہ نیوز) دھن تیرس کے دن صرافہ تاجر کو قتل کرنے والے چھوٹا بھیم کو فرسٹ جوڈیشیل مجسٹریٹ این ایل گائیکواڑ نے دوسری مرتبہ پولس کسٹڈی ریمانڈ میںتوسیع کی ہے ۔

25 اکتوبر کو صرافہ میں سونے چاندی کے تاجر رویندر چکروار کو قتل کیا گیا تھا ۔اس وقت وہاں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی ملزم اپنے ساتھ لے گیا تھا۔ لیکن دیگر سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اتوارہ پولس نے چکروار کے قاتل نوجوان بھیم عرف چھوٹا بھیم بھگو رام کوتوال (یادو) عمر 30سال کو 29اکتوبر کوگرفتار کرلیا تھا ۔

29اکتوبرتا2نومبر اور 2 نومبرتا5 نومبر دو مرتبہ پولس کسٹڈی میں توسیع کی گئی ۔آج اتوارہ کے پی آئی ناگرے اور دیگر پولس ملازمین نے بھیم کوعدالت میں پیش کرکے مزید ریمانڈ کامطالبہ کیا۔بھیم کے کہنے کے مطابق رویندرچکروار کاجب قتل ہوا اس نے پندرہ لاکھ روپے چوری کئے تھے جس کے 9 لاکھ روپے پہلی مرتبہ اور بقیہ چھ لاکھ روپے دوسری مرتبہ پولس کسٹڈی ملنے کے بعد ضبط کئے گئے ۔

لیکن سوناچاندی بھی بھیم نے چوری کیا ہے جس کی برآمدگی کیلئے مزید کسٹڈی کی ضرورت ہے ۔اس طرح کا مطالبہ پولس نے جج سے کیا۔ جج گائیکواڑ نے بھیم عرف چھوٹا بھیم کو دو یوم یعنی 7نومبرتک پولس کسٹڈی میںتوسیع دی ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں