ناندیڑ:11اکتوبر ( ورقِ تازہ نیوز)مہاراشٹرکی شندے حکومت نے دیوالی کے موقع پر ناندیڑ کے شہریان کو 332 کروڑ روپے کی نئی ڈرینج لائن پروجیکٹ کی شکل میں انمول تحفہ دیا ہے۔10 اکتوبر پیر کوریاستی حکومت نے اس پروجیکٹ کو منظوری دی ۔
سابق وزیراعلیٰ اشوک راو چوہان اور ناندیڑشمال کے شیوسینا(شندے) کے ایم ایل اے بالاجی کلیانکر پروجیکٹ کی منظوری کےلئے دعوے کررہے ہیں۔ ناندیڑمیونسپل کارپوریشن حدودمیں 950 کلومیٹر کے کچے اورپکے راستے ہیں۔
ان راستوں سے 600 کلومیٹر ڈرینج کی لائن گزرتی ہے۔پروجیکٹ کی منظوری پرکمشنر ڈاکٹرسنیل لہانے نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں موجود 115 کلومیٹر چینی کے ڈرینج پائپ لائن کوتبدیل کیاجائے گا۔
235 کلومیٹر نئی آبادیوں میںنئی پائپ لائن بچھائی جائے گی ۔ اس طرح جملہ 440کلومیٹر کی ڈرینج لائن کی تنصیب عمل میں آئے گی ۔ قدیم شہر اور نئے شہر میں بچھائی گئی چینی پائپ لائن کو نکال دیاجائےگا ۔
ڈاکٹرلہانے کہاکہ مرکزی حکومت کی اسکیم کے تحت منظور 332 کروڑ روپے کے ا س پروجیکٹ کے مصارف مرکزی حکومت ریاستی حکومت اور میونسپل کارپوریشن برداشت کرےںگے۔مرکزی حکومت کا حصہ %33.33 ‘ ریاستی حکومت کا %36.67 اورناندیڑکارپوریشن کا 30فیصد رہےگا۔