میں یہاں آئین اور ہندوستان کو بچانے آیا ہوں، شاہین باغ خواتین مظاہرین سے یوگیندر یادو کاخطاب

نئی دہلی: قومی شہریت قانون، قومی شہری رجسٹر اور قومی آبادی رجسٹر کے خلاف شاہین باغ میں خواتین مظاہرین کی حمایت کرتے ہوئے سوراج ابھیان کے صدر یوگیندر یادو نے کہا کہ میں یہاں ملک اور آئین کو بچانے کے لئے یہاں آیا ہوں، یہ بات انہوں نے شاہین باغ خواتین مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے خواتین کے جذبے کو سلام کرتے ہوئے کہا کہ خواتین آئین کی حفاظت کے لئے اس سخت سردی کے موسم میں آرام و آسائش کو چھوڑ کر دن رات کا دھرنا دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا یہ جذبہ پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا وقت ملک کو بچانے کا ہے اور میں بھی آپ لوگوں کے درمیان ہندوستان کو اور اس کے آئین کو بچانے کے لئے آیا ہوں کل ہند مسلم یوتھ فورم کے سرپرست ٹی ایم ضیاء الحق نے مظاہرہ میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ کا خواتین مظاہرہ نے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ یہاں کی خواتین کسی طرح بھی اپنے حقوق اور ملک کے آئین کی حفاظت میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ فیصلہ نہ صرف جابرانہ ہے بلکہ ملک کے لئے تباہ کن بھی ہے اور یہ صرف مسلمانوں کے خلاف ہی نہیں ہے بلکہ ہندوؤں کے بھی خلاف ہے۔

پیپلز ہوپ کے چیرمین رضوان احمد نے خواتین کے مظاہرے کو ظلم و جبر اور آئین کے حق میں جنگ کو ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بغیر کسی رہنمائی اور بغیر کسی انتظام کے 18دن سے مظاہرہ کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ جب وہ اپنی طاقت دکھانے پر آجائیں تو کوئی اس کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا یہ کہنا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف نہیں ہے، غلط ہے اور یہ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ ہندوؤں کے لئے بھی اتنا ہی نقصان دہ ہے۔غریب طبقہ، ایس سی، ایس ٹی اور بنجارہ بھی اس کی زد میں آئیں گے۔

وہاں کا نظام دیکھنے والی صائمہ خاں نے بتایا کہ گزشتہ کل رات کے مظاہرے میں مشہور سماجی کارکن، مصنف اور سابق آئی اے ایس افسر ہرش مندر، فلمی اداکارہ سورا بھاسکر، کانگریس لیڈر سندیپ دکشت ’ایم یل اے امانت اللہ خاں اور دیگر سماجی شخصیات نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، جواہر لال نہرو یونیورسٹی، دہلی یونورسٹی کے علاوہ دہلی کے سماجی کارکنان، ہندو، سکھ، عیسائی اور سماج کے دیگر طبقے کے لوگوں نے اس مظاہرہ میں شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ دن رات کے مظاہرے میں حال ہی میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف آئی جی کے عہدے سے استعفی دینے والے عبد الرحمان، فلمی ہستی ذیشان ایوب، بارکونسل کے ارکان، وکلاء، جے این یو کے پروفیسر، سیاست داں سریشٹھا سنگھ، الکالامبا، ایم ایل اے امانت اللہ خاں، سابق ایم ایل اے آصف محمد خاں، بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد، سماجی کارکن شبنم ہاشمی، پلاننگ کمیشن کی سابق رکن سیدہ سیدین حمید وغیرہ نے اب تک شرکت کر کے ہمارے کاز کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آگے بھی ملک کی اہم شخصیت کی شرکت کی توقع ہے۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading