مہاراشٹر میں جمعہ کی رات 9.30 بجے سے ہفتہ کی صبح 8.00 بجے تک کیا کچھ ہوا، پڑھیں تفصیل

مہاراشٹر میں جمعہ کی رات سبھی اس بات کو لے کر مطمئن تھے کہ اب شیوسینا-این سی پی-کانگریس کی حکومت بہت جلد بن جائے گی، لیکن ہفتہ کی صبح کچھ لوگ نیند سے بیدار بھی نہیں ہوئے ہوں گے جب بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس نے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ رات کی تاریکی میں جو کچھ بھی ہوا، وہ کسی ڈرامے سے کم نہیں ہے۔ حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ جمعہ کی شب 9.30 بجے سے ہی بی جے پی نے اپنا ’کام‘ شروع کر دیا تھا اور این سی پی سربراہ شرد پوار کو اس کی خبر ہفتہ کی صبح تقریباً 6 بجے لگی۔ آئیے یہاں دیکھتے ہیں کہ جمعہ کی رات سے صبح دیویندر فڑنویس کے وزیر اعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار کے نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے تک کیا کچھ ہوا۔

رات 9.30 بجے (جمعہ)

جمعہ کی شب تقریباً 9.30 بجے دیویندر فڑنویس مہاراشٹر کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے پاس حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کرنے پہنچے۔ فڑنویس نے اپنے پاس 173 اراکین اسمبلی کی حمایت ہونے کا دعویٰ کیا۔ اس دعویٰ میں دیویندر فڑنویس نے 54 این سی پی اراکین اسمبلی کی حمایت ہونے کا بھی دعویٰ کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے 14 آزاد اراکین اسمبلی و دیگر کی حمایت ملنے کی بات کہی۔

رات 12.30 بجے

رات 12.30 بجے ہی گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے ریاست میں جمہوری حکومت کی تشکیل کا راستہ صاف کرنے کے لیے صدر راج ہٹانے کا فیصلہ لیا اور مرکز کو ریاست میں اتحادی حکومت بننے کے حالات سازگار بننے کی جانکاری دیتے ہوئے صدر راج ہٹانے کی سفارش بھیج دی۔

صبح 5.30 بجے (ہفتہ)

صبح تقریباً 5.30 بجے کے آس پاس ریاست میں لگا صدر راج ہٹانے کی جانکاری گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کو دی گئی۔

صبح 6.00 بجے (ہفتہ)

صبح تقریباً 6.00 بجے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے فیصلہ لیا کہ اب فڑنویس حکومت کی حلف برداری کرائی جانی چاہیے۔

صبح 6.30 بجے (ہفتہ)

گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے صبح تقریباً 6.30 بجے بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس کے ساتھ ساتھ اجیت پوار کی حلف برداری کے لیے بھی عرضی بھیجی۔ عرضی میں صبح سویرے ہی حلف برداری تقریب منعقد کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔

صبح 8.00 بجے (ہفتہ)

ہفتہ کی صبح تقریباً آٹھ بجے گورنر کو بی جے پی کی طرف سے حلف برداری کی عرضی ملنے کے بعد ہی گورنر نے صبح 8 بج کر 7 منٹ پر بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس کو ایک بار پھر وزیر اعلیٰ کا حلف دلایا۔ ساتھ میں انھوں نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر اجیت پوار کی بھی حلف برداری کرائی۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading