مہاراشٹر میں جلد بجے گا میونسپل کارپوریشن انتخابات کا بگل،سپریم کورٹ سے راہ ہموار

نئی دہلی:(ایجنسیز)4؍اگست:مہاراشٹر میں بلدی انتخابات کی راہ میں حائل بڑی رکاوٹ اب دور ہو گئی ہے۔ سپریم کورٹ نے ریاست میں نئی حلقہ بندی (نئے پربھاگ رچنا) کو چیلنج کرنے والی تمام عرضیاں خارج کر دی ہیں۔ اس کے نتیجے میں ریاست کی مختلف میونسپل کارپوریشنز میں جلد ہی انتخابات کے انعقاد کی توقع کی جا رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا ہے کہ حلقہ بندی کا اختیار ریاستی حکومت کو حاصل ہے اور آئندہ تمام انتخابات نئی حلقہ بندی اور دیگر پسماندہ طبقات (OBC) کو ریزرویشن کے ساتھ ہی ہوں گے۔ عدالت کے فیصلے کے بعد ریاستی حکومت کو ایک بڑی راحت ملی ہے۔یاد رہے کہ نئی حلقہ بندی کے بعد کچھ حلقوں میں کی گئی تبدیلیوں کو بنیاد بنا کر نندوربار، ناسک، پونے، پمپری چنچوڑ اور ممبئی سمیت دیگر میونسپل اداروں کے انتخابات پر سوالیہ نشان لگا دیا گیا تھا۔

کئی سماجی تنظیموں اور افراد نے اس معاملے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا، تاہم اب سپریم کورٹ نے ان تمام عرضیوں کو مسترد کرتے ہوئے حکومت کے مؤقف کو برقرار رکھا ہے۔اس فیصلے کے بعد اب ریاست میں معطل مہا نگر پالیکا، نگر پریشد، اور دیگر مقامی خودمختار اداروں کے انتخابات جلد ہی اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ سیاسی حلقوں میں بھی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں اور تمام جماعتیں ممکنہ انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہیں۔

سیاسی مبصرین کا ماننا ہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے ریاست میں جمہوری عمل کو تقویت ملے گی اور بلدی سطح پر عوامی نمائندگی کو نئے سرے سے منتخب کرنے کا موقع حاصل ہوگا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading