مہاراشٹر میں سیلون کے بعد اب جلد ہی ہوٹل بھی کھلنے والے ہیں ۔ ریاست میں ہوٹل کب کھلیں گے ، ریاستی حکومت کی جانب سے جلد اس کی جانکاری دی جائے گی اور اس سلسلہ میں اسٹینڈرڈ آپریشن پروسیجر بھی جاری کیا جائے گا ۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے اتوار کو ریاست کے ہوٹل مالکان کے ساتھ میٹنگ کی ۔ وزیر اعلی نے اتوار کو کہا کہ ریاست میں ہوٹل اور ریستوراں پھر سے کھولے جانے کے بارے میں فیصلہ ایس او پی کو حتمی شکل دئے جانے کے بعد کیا جائے گا ۔
ہوٹل اور لاج کی مختلف یونین سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ ہوٹل صنعت نے سیاحت کے شعبہ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے ۔ ایک دیگر میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کمپنیوں سے اپنے ملازمین کی چھنٹنی نہ کرنے کی اپیل کی ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہوٹلوں اور ریستوراں کو پھر سے کھولے جانے کیلئے ایس او پی کو حتمی شکل دیا جارہا ہے ۔ یہ پورا ہوجانے پر ہوٹلوں اور ریستوراں کو پھر سے کھولے جانے پر فیصلہ کیا جائے گا ۔
اس درمیان سیاحت کے وزیر آدتیہ ٹھاکرے نے کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ہوٹل صعنت کے رول کی سراہنا کی ۔ انہوں نے ایک ڈیجیٹل میٹنگ کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہوٹل صعنت نے فرنٹ لائن پر لڑ رہے ملازمین کو ہوٹل اور لاج میں رہنے کی جگہ دے کر پہلے دن سے ہی اہم کردار ادا کیا ہے ۔
کووڈ ۱۹ بحران سے نمٹنے کو لے کر اپوزیشن کے ذریعہ مہاراشٹر حکومت کی تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ عالمی وبا سے نمٹنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور باقی چیزیں بعد میں آتی ہیں ۔
کورونا وائرس سے متعلق حالات کا جائزہ لینے کیلئے پہنچے ٹھاکرے سے نامہ نگروں نے کورونا بحران سے مناسب طریقہ سے نمٹنے میں ناکام رہنے کو لے کر اپوزیشن کے ذریعہ حکومت کی تنقید کے سلسلہ میں سوالات کئے گئے ، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنا کام کرنے دیجئے ، ہم اپنا کام کرتے رہیں گے ۔ اس وقت ہماری اولین ترجیح کورونا کی وجہ سے پیدا ہوئے حالات سے نمٹنا اور وائرس کی زنجیر کو توڑنا ہے ۔ باقی چیزیں بعد میں آتی ہیں ۔