ایک بار پھر ’مڈ ڈے میل‘ کو لے کر فکر انگیز خبر سامنے آئی ہے۔ مغربی مہاراشٹر کے سانگلی ضلع میں اس وقت افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا جب ایک سرکاری نرسری اسکول میں بچوں کے لیے تیار مڈ ڈے میل کے پیکٹ میں مبینہ طور پر ایک چھوٹا سانپ مرا ہوا برآمد ہوا۔
ریاستی آنگن واڑی ایمپلائی یونین کی نائب سربراہ آنندی بھوسلے نے اس تعلق سے بتایا کہ معاملے کی خبر پیر کے روز ایک بچے کے والدین نے دی تھی۔ افسران اس پورے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر اور پلوس-کادیگاؤں سے رکن اسمبلی وشوجیت کدم نے اس واقعہ کو انتہائی سنگین معاملہ قرار دیا اور موجودہ مانسون اجلاس میں ریاستی اسمبلی میں یہ ایشو بھی اٹھایا۔ انھوں نے اس معاملے کی جانچ اور اس کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اس واقعہ کے تعلق سے ضلع افسران نے بتایا کہ بچے کے والدین نے تصویر کھینچ کر سانپ کو پھینک دیا تھا۔ بعد میں یہ تصویر مقامی آنگن واڑی کارکن کو بھیج دی۔ تصویر کے باوجود پیکٹ سے کھانے کا نمونہ لیا گیا اور جانچ کے لیے تجربہ گاہ بھیجا گیا ہے۔