ممبئی: مہاراشٹر میں شیو سینا کی قیادت والی مہاراشٹر وکاس اگھاڑی ریاست میں تعلیم میں مسلمانوں کو ریزرویشن دے سکتی ہے۔ اس کا اعلان نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر نواب ملک نے کیا۔ جمعہ کو قانون ساز کونسل میں انہوں نےکہا کہ مسلم طبقےکو ریزرویشن دیا جائےگا۔ نواب ملک نےکہا کہ اس کےلئےحکومت آرڈیننس لائےگی۔ ریاستی حکومت میں اقلیتی امورکے وزیر نواب ملک نےکہا کہ گزشتہ حکومت (بی جےپی) نے تعلیم میں مسلمانوں کو پانچ فیصد ریزرویشن نہیں دیا تھا۔ یہ حکومت ایسا کرے گی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، مہاراشٹر میں اسمبلی کا بجٹ سیشن ختم ہونے سےقبل مسلمانوں کو تعلیم میں پانچ فیصد ریزرویشن دے دیا جائےگا۔ بتایا گیا ہےکہ گزشتہ حکومت میں عدالت کا فیصلہ ہونےکے بعد بھی بی جے پی آرڈیننس نہیں لائی تھی۔ انہوں نےکہا کہ نوکری میں ریزرویشن کو لے کرقانونی صلاح ومشورہ لیا جارہا ہے اورجلد ہی اس پرفیصلہ لیا جائےگا۔