مہاراشٹر میں ووٹ ڈالنے کی تاریخ میں صرف ایک ہفتہ رہ گیا ہے اور انتخابی مہم شباب پر ہے۔ اسی درمیان ایک ایسی خبر آئی ہے جس نے بی جے پی کی نیند اڑا دی ہے۔ مہاراشٹر کے بلٹھانا علاقہ میں ایک کسان نے پیڑ سے لٹک کر خودکشی کر لی۔ جس کسان نے خود کو پھانسی لگائی وہ بی جے پی کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا۔ شیو سینا نے اس معاملہ کو بہت سنگین بتایا ہے اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خود کشی کرنے والہ کسان 38 سالہ راجو تلوڑے ہے اور کھٹ کھیڑ گاؤں میں صبح اس کی لاش پیڑ سے لٹکی ملی۔ راجو جو ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھا اس پر بی جے پی کا کمل نشان چھپا ہوا تھا اور مراٹھی زبان میں لکھا ہوا تھا ’پنہا آنیو آپلے سرکار‘ یعنی ’پھر سے ہماری سرکار بنائیں‘۔ واضح رہے یہ ٹی شرٹ بی جے پی کارکنان میں تقسیم ہوئی تھی جس کی وجہ سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ راجو بی جے پی کا کارکن تھا یا پارٹی کا ہمدرد تھا۔ پولس کے مطابق راجو کے اوپر بھاری قرضہ کا بوجھ تھا اور وہ اس کو ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ودربھ میں وزیر اعظم نے ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کیا اور وزیر داخلہ امت شاہ مغربی مہاراشٹر میں انتخابی دورہ پر ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کا تعلق ودربھ علاقہ سے ہے۔
اس معاملہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شیو سینا نے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کے مسائل کو سنجیدگی سے لے۔ شیو سینا کے کسان رہنما کشور تیواری نے کہا ’’اس طرح کسان کی خودکشی ایک انتہائی سنگین مسئلہ کی جانب اشارہ کرتی ہے اور اگر اگلی حکومت نے اس جانب ٹھوس قدم نہیں اٹھایا تو یہ مسئلہ قابو سے باہر ہو جائے گا۔‘‘
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-