مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو دفتر خالی کرنے کا نوٹس

ممبئی ،27ستمبر(یواین آئی )مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کو اُس دفتر خالی کرنے کے لیے محمد حاجی صابو صدیق مسافرخانہ کے انتظامیہ نے قانونی نوٹس دے دیا ہے کہ اس سوسال سے زیادہ پرانی عمارت کوازسرنوتعمیر کرنے لیے جلدازجلد تعمیراتی کام شروع کیا جائیگا ،اس لیے ریاستی حج کمیٹی فوری طورپر مسافر سے اپنا دفتر کسی اور مقام پر منتقل کرلے ،اس سلسلہ میں کمیٹی کے چیئرمین جمال صدیقی کو وکیل کے ذریعے قانونی نوٹس دیا گیا ہے۔

اس کی تصدیق جمال صدیقی نے کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی طورپر فی الحال دفتر کو حج کمیٹی آف انڈیا کے دفتر حج ہاﺅس میں منتقل کردیا جائے ۔جمال صدیقی نے کہا کہ حج کمیٹی ایکٹ میں ترمیم کے بعد 1990میں یہ طے کیا گیا کہ ریاستوںمیں بھی حج کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی ،مہاراشٹر میں بھی حج کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئی ہے اور صابو صدیق مسافر خانہ میں اس کا دفتر بنایا گیا ،لیکن ایکٹ کے تحت ریاستی حج کمیٹی کا ایک دفتر اور حج ہاﺅس کی تعمیر بھی ہونا چاہئے تھا ،یہ افسوس ناک امر ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اس مسئلہ پر توجہ نہیں دی اور صابو صدیق مسافرخانہ میں ہی دفتر کرایہ پر لے لیا گیا اور گزشتہ بیس سال سے وہیں واقع ہے۔حج ہاﺅس بنانے کے لیے کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صابو صدیق مسافر خانہ کے چیئرمین حاجی بشیر موسیٰ پٹیل نے نوٹس سے قبل بھی مسافر خانہ کی جگہ خالی کرنے کی درخواست دی تھی ،کیونکہ حاجی صابو صدیق مسافر خانہ غریبوں کے لیے تعمیر کیا گیا تھا ،پہلے حاجیوں کے لیے استعمال ہوتا تھا ،لیکن جب سے حج ہاﺅس کی تعمیر مکمل ہوگئی ،تو حج کمیٹی آف انڈیا کا دفتر بیت الحجاج میں منتقل ہوگیا ہے ۔جمال صدیقی نے اس نوٹس کو ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کو روانہ کردیا ہے اور ان سے مطالبہ کیا گیا ہے ،ریاستی حج کمیٹی کو حج ہاﺅس کی تعمیر اور دفتر کے لیے جگہ مہیا کرائی جائے اور فوری طورپر بیت الحجاج میں دفتر کے لیے ایک منزل دے دی جائے۔دراصل مسافر خانہ کی عمارت انتہائی خستہ حالت میں ہے اور اس کی جگہ دوسرا دفتر ہونا ضروری ہے۔اس تعلق سے ریاستی حج کمیٹی کے ممبر اعجاز دیشمکھ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر کے لیے فوری طورپر جگہ مہیا کرائی جائے ،اس کے ساتھ ساتھ ممبئی میں زیرتعمیر نئے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بھی حجاج کرام کے لیے خصوصی ٹرمنل کی سہولت کی جائے تاکہ وہ آسانی سے بیت الخلائ،وضو اور غسل کے فرائض اداکرسکیں۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت اس تعلق سے جلد فیصلہ کرے گی اور حج کمیٹی دفتر جلد نئی جگہ منتقل کردیا جائے گا،فی الحال انہوںنے بھی بیت الحجاج میں دفتر کے لیے جگہ دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading