مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کے ممبر نامزد ہونے پر ڈاکٹر اصغر مقادم کا استقبال
حضرت معین میاں کے دست مبارک سے میمنٹو اور گل پوشی کے ذریعے اعزاز
تھانے (آفتاب شیخ)
گزشتہ روز تھانے میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں سنی جمعیت علماء کے صدر حضرت مولانا سید معین الدین اشرف اشرف الجیلانی المعروف معین میاں کے دست مبارک سے معروف سماجی و دینی کارکن ڈاکٹر اصغر مقادم کا استقبال کیا گیا۔ ڈاکٹر مقادم کو حال ہی میں حکومت مہاراشٹر کی جانب سے مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن کا ممبر نامزد کیا گیا ہے۔ اس موقع پر انہیں میمنٹو اور گل پوشی کے ذریعے اعزاز بخشا گیا۔
ڈاکٹر اصغر مقادم، جو تھانے کے قدیم مسلم علاقے رابوڑی کے رہائشی ہیں، پیشے سے ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ سماجی و دینی خدمات میں بھی پیش پیش ہیں۔ وہ شیوسینا کے فعال رکن ہیں اور آنجہانی مودا جوشی، سابق رکن اسمبلی تھانے، کے معتمد خاص کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کے ساتھ سرگرم سیاست میں شامل ہیں اور نائب وزیر اعلیٰ کے پرسنل اسسٹنٹ پربھاکر کالے کے قریبی دوستوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ڈاکٹر مقادم کو یہ اہم عہدہ ان کی محنت، لگن اور ایمانداری کی بنیاد پر تفویض کیا گیا ہے۔ ان کی اس نامزدگی پر ان کے چاہنے والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہیں مبارکباد دینے والوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈاکٹر مقادم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو دیانتداری اور خلوص کے ساتھ نبھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔
مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن حکومت مہاراشٹر کا ایک اہم ادارہ ہے، جس کا مقصد اقلیتی برادریوں، بالخصوص مسلمانوں کی مالی اور معاشی حالت کو بہتر بنانا ہے۔ یہ ادارہ چھوٹے کاروبار، تعلیم، ہنر مندی کے فروغ، اور دیگر معاشی منصوبوں کے لیے سستے اور آسان قرضے فراہم کرتا ہے تاکہ اقلیتی برادری خود کفالت اور معاشی خوشحالی حاصل کر سکے۔
اس موقع پر حضرت معین میاں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اصغر مقادم کی بطور ممبر نامزدگی ایک سنہری موقع ہے، اور انہوں نے حاضرین سے گزارش کی کہ وہ ڈاکٹر مقادم کی تقرری سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور اپنی ضروریات کے لیے ان کی خدمات حاصل کریں۔ حضرت معین میاں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر مقادم اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھاتے ہوئے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کریں گے۔