l قوت سماعت و بصارت متاثر ہونے کے خدشات l انگلیوں کے اکڑ جانے کے بھی واقعات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : موبائل فونس کے حد سے زیادہ استعمال سے انسان کی جسمانی و ذہنی صحت متاثر ہوتی ہے جو مرد و خواتین نوجوان لڑکے لڑکیاں اور کمسن بچے موبائل فونس کا حد سے زیادہ استعمال کرتے ہیں ۔ ان میں بے خوابی ، ذہنی دباؤ ، جوڑوں کے درد ، گردن اور پیٹھ میں درد اور بصارت میں کمزوری کی شکایات پائی جارہی ہیں ۔ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئے گئے جائزوں میں مذکورہ حقائق سامنے آئے ہیں ۔ ڈاکٹروں اور ماہرین نفسیات کا اس بارے میں کہنا ہے کہ ایک طرح سے موبائل فونس لوگوں کی خوشحال زندگی کے لیے خطرہ بن گئے ہیں ۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ آنے والے پیامات ، تصاویر ، ویڈیوز اور خبروں کے مشاہدہ کے لیے لوگ رات دیر گئے تک بھی موبائل فونس سے چپکے رہتے ۔ نتیجہ میں وہ کئی ایک امراض کا شکار ہورہے ہیں ۔ حال ہی میں چین میں ایک خاتون کو موبائل فون کے مسلسل استعمال کے نتیجہ میں ذہنی و جسمانی کرب سے گذرنا پڑا ۔ چین کے شہر چنگستان میں پیش آئے اس واقعہ کے بارے میں جو تفصیلات سامنے آئی ہیں ۔ اس میں بتایا گیا کہ چینی خاتون نے ایک ہفتہ کی رخصت حاصل کی اور مسلسل موبائل فون کا استعمال کرتی رہی ۔ جس کے بعد اس کے دائیں ہاتھ کی انگلیاں موڑنے سے قاصر تھیں اس کے علاوہ انگلیوں میں شدید درد بھی ہورہا تھا ۔ تاہم ہاسپٹل میں علاج کے بعد اس کی حالت نارمل ہوگئی ۔ یہ بھی بتایا گیا کہ یہ خاتون دن بھر موبائل فون استعمال کرتی اور بستر پر جانے سے قبل ہی خود کو موبائل سے جدا کرتی ۔ ہاسپٹل میں بتایا گیا کہ وہ Tenosynovitis سے متاثر ہوگئی اس بیماری میں انگلیوں میں پایا جانے والا مادہ متاثر ہوتا ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ ملک و بیرون ملک جتنی بھی اسٹیڈیز یا تحقیق کی گئیں ان میں یہ بھی انکشاف کیا گیا کہ 92 فیصد موبائل فونس پر بیکٹریا ڈیرا جمائے ہوئے ہوتے ہیں اور یہ بیکٹریاں انسانوں میں منتقل ہو کر انہیں مختلف امراض سے متاثر کردیتے ہیں ۔ موبائل فونس کے حد سے زیادہ استعمال کے نتیجہ میں قوت سماعت و بصارت بھی متاثر ہوتی ہے ۔ اکثر کم عمر بچوں میں قوت سماعت اور بصارت کی کمزوری کی شکایات عام ہیں ۔ دوسری جانب موبائل فونس پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوا ۔ آپ کو بتادیں کہ اکٹوبر 2018 میں ساری دنیا میں انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 4.2 ارب ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال اسی ماہ کی انٹر نیٹ صارفین کی تعداد سے 7 فیصد زیادہ ہے ۔ ستمبر 2018 تک عالمی سطح پر 3.4 ارب لوگوں نے سوشیل میڈیا کا استعمال کیا جب کہ دنیا بھر میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 5.1 ارب بتائی جاتی ہے جن میں اکثر اسمارٹ فون استعمال کررہے ہیں ۔۔