مسلمانوں پر مظالم، وقف ترمیمی بل کے خلاف تحریک چلانے پر اتفاق

ناندیڑ میں نیشنل کانفرنس فار مائناریٹی کے مشاورتی اجلاس میں شرکاء کا اظہار
ناندیڑ:5؍اپریل ( ورقِ تازہ نیوز) نیشنل کانفرنس فار مائناریٹی ناندیڑ کے زیر اہتمام 4؍اپریل بروز جمعہ کو دوپہر 2:30 بجے انور گارڈن فنکشن ہال میں مسلمانوں پر ہورہے مظالم کے تعلق سے ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت سینئر ایڈوکیٹ اور بزرگ قائد ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی نے کی۔ اجلاس میں مختلف مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات کے علاوہ وکلاء، ڈاکٹرس اور صحافیوں نے بھی شرکت کی۔

ابتداء میں نیشنل کانفرنس فار مائناریٹی کے مراٹھواڑہ صدر عبدالبشیر ماجد ( کنونیئر) نے اجلاس کی غرض و غائیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس وقف ملک کے طول و عرض میں مسلمانوں کو نشانہ بنا کر اُن پر طرح طرح کے مظالم کئےجارہے ہیں۔

اُن کی مساجد پر حملے ہورہے ہیں۔ دینی مدارس کے خلاف غیر قانونی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ چنانچہ ان حالات میں مسلمانوں کو متحد کرکے غیر مسلم شخصیات کا ساتھ لے کر نا انصافیوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے اور سرکاری ایوانوں تک اپنی آواز پہنچانے یہ مشاورتی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔صدر اجلاس ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی نے کہا کہ آج ہندوستان کا مسلم خوف زدہ ہے، اس کے باوجود وہ اُن کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے گی۔

وقف ترمیمی بل کے خلاف عوامی احتجاج بے حد ضروری ہے۔ امبیڈکر تحریک کے قائد سریش گائیکواڑ نے کہا کہ وقف ترمیمی بل مسلمانوں اور وقف جائیدادوں کے خلاف بنایا گیا قانون ہے اس کو کالعدم کرنے کے لئے آندولن کیا جانا چاہیے۔ سینئر صحافی محمد تقی نے اپنی تقریر میں کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وقف ترمیمی بل منظور ہوچکا ہے اور صدر جمہوریہ ہند کے دستخط ہوتے ہی یہ ملک میں نافذ ہوجائے گی۔ مسلمانوں کو سیکولر غیر مسلموں کو ساتھ لے کر اس بل کے خلاف تحریک چلانے کی اشد ضرورت ہے۔ یہ تحریک دو سطح پر چلے گی۔ ایک تو قانونی اور دوسری عوامی۔ مسلم پرسنل لابورڈ اور کانگریس پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بل کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

عوامی سطح پر اس بل کے تعلق سے بیداری کرنے کے لئے میٹنگوں، جلسوں، جلوسوں کو منعقد کرنے اور گرفتاریاں دینے کی ضرورت ہے۔ اس اجلاس میں ایڈوکیٹ رحمن صدیقی، اورنٹ جانسن جیکپ ( فادر)، پیابودی تھیرو ( بدھ مت)، محمد خاں پٹھان ( لیڈر راشٹروادی کانگریس)، موظف جج شفاعت اللہ خاں، موظف جج یونس پٹیل، راہول ڈمباڑے قومی صدر نیشنل کانفرنس فار مائناریٹی ، فیروز خاں لالہ ( ایم آئی ایم)، شبام وڑجے پاٹل، وجئے گابھنے ( سی پی آئی ایم)، گنگا دھر گائیکواڑ، شیریں بیگم ( پورنا)، ناصر خطیب ( مسلم نمائندہ کونسل)، عابد خاں ( خادمین اُمت)نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مفید مشورے دیئے۔ نظامت کے فرائض محمد اظہر الدین نے انجام دیئے۔ نیشنل کانفرنس کے اجلاس اورنگ آباد، پونے اور ممبئی میں بھی منعقد ہونے والے ہیں۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading