مجیب الرحمن اور سلطان قابوس کو گاندھی امن انعام

نئی دہلی : وزارت ثقافت ، حکومت ہند نے بنگلہ دیش کے بابائے قوم شیخ مجیب الرحمن اور عمان کے سابق حکمران سلطان قابوس بن سعید السعید کو ترتیب وار 2020ء اور 2019ء کے گاندھی امن انعام کیلئے منتخب کیا ہے ۔ وزارت نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں جیوری میں یہ انعامات طئے کئے ہیں ۔ جیوری میں چیف جسٹس آف انڈیا ، لوک سبھا میں بڑی اپوزیشن پارٹی کے لیڈر ، اسپیکر لوک سبھا اور سلبھ انٹرنیشنل کے بانی بندیشور پاٹھک شامل ہیں ۔یہ ایوارڈ ایک کروڑ روپئے ، توصیف نامہ ، تختی اور روایتی دستی مصنوعات میں سے کسی شئے پر مشتمل ہوتا ہے ۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ’بنگابندھو‘ (مجیب الرحمن) انسانی حقوق اور آزادی کے چمپئن رہے اور وہ ہندوستانیوں کیلئے بھی مثالی لیڈر رہے ۔ اسی طرح سلطان قابوس بصیرت افروز حکمراں رہے جنہوں نے اعتدال پسندی کی پالیسی پر عمل کیا اور دنیا بھر سے تعریف و ستائش حاصل کی ۔ چنانچہ ہندوستان دونوں قائدین کی قائدانہ صلاحیتوں اور اُن کی گراں قدر خدمات کو تسلیم کرتا ہے جو انہوں نے اپنے خطہ میں فروغ امن کیلئے انجام دیں ۔

Leave a comment