لوک سبھا انتخابات میں شکست کے ذمہ دار راہل گاندھی نہیں،استعفیٰ نہ دیں: اشوک چوہان

ممبئی:(ورق تازہ نیوز) لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو متوقع کامیابی نہیں مل سکی، جس کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے راہل گاندھی نے صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی ہے۔ جبکہ وہ اس شکست کے ذمہ دارنہیں ہیں، اس لئے انہیں استعفیٰ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ باتیں آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدراشوک چوہان نے کہی ہیں۔ ریاستی کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخابات میں راہل گاندھی نے سخت محنت کی ہے، وہ کہیں بھی کم نہیں پڑے ہیں۔

لیکن جن جن ریاستوں میں کانگریس کو حسبِ توقع کامیابی نہیں مل سکی، ان ان ریاستوں کے تمام عہدیداروں کوچاہئے کہ وہ استعفیٰ دے کر نئی ٹیم تشکیل دینے میں اپنا تعاون دیں۔ مہاراشٹر میں کانگریس کی شکست پر بات کرتے ہوئے اشوک چوہان نے کہا کہ ریاستی صدرکی حیثیت سے اس شکست کی تمام تر ذمہ داری میں تسلیم کرتا ہوں۔ اس بارے میں کسی پر کوئی الزام نہیں ہے۔ ریاست میں کانگریس کے پارٹی کے درمیان کوئی بھی اندرونی تنازعہ نہیں ہے۔ ہم تمام لوگوں نے آپسی صلاح ومشورے سے فیصلے کئے ہیں۔ میں اس شکست کی ذمہ داری تسلیم کرتے ہوئے استعفیٰ دینے کے لئے تیار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ونچت بہوجن اگھاڑی کی وجہ سے ریاست میں کانگریس اتحاد کو ۹ سے10 ؍سیٹوں پر نقصان اٹھانا پڑا۔ ہم نے انہیں ساتھ لینے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں آئے۔ اس کا ہمیں نقصان اٹھانا پڑا۔ ونچت بہوجن اگھاڑی نے بی جے پی کی بی ٹیم کے طور پرکام کیا،جس کا راست فائدہ بی جے پی وشیوسینا کو ہوا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading