ساری دنیا کے مسلمانوں کیلئے ایک پیغام
خورشیداحمد(ناندیڑ)۔9923032126
اتوار 15اگست 2021 کی دوپہر کوعالمی اور ہمارے قومی الیکٹرانک میڈیامیں اس خبر کے فلیش ہونے پردنیا ششدر رہے گئی کہ طالبان نے افغانستان کی راجدھانی کابل پرقبضہ کرلیا ہے۔ افغانستان کے کٹھ پتلی صدر اشرف غنی نے استعفیٰ دے کر اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ پڑوسی ملک تاجکستان میں پناہ لے لی ہے۔میڈیا پل پل کی خبر دے رہاتھا ۔ اسی دوران ایک خبر یہ بھی آئی کہ طالبان کے کمانڈراورجنگجو قصرِ صدارت میںداخل ہوچکے ہیں ااور بغیر خون خرابے کے اشرف غنی حکومت کاتختہ پلٹ دیاگیاہے ۔کسی نے نہیں سوچاتھا کہ طالبان اتنی جلدی کابل میںاقتدار پرقابض ہوجائیںگے ۔
ہم بات کررہے تھے قیصر صدارت کی جہاں داخل ہونے کے بعد طالبان کمانڈر صدر کی کرسی پربراجمان ہوگئے اور قرآن کریم کی سورت ِ نصر کی تلاوت باآواز بلند شرو ع کردی ۔ ان کے بازو بندوق بردار جنگجو بڑے ادب سے کھڑے تھے اور تلاوت کی سماعت کررہے تھے ۔ کچھ جنگجوﺅں کی آنکھوں سے آنسورواں تھے۔ یہ دلکش منظر دلوں کوجھنجوڑنے والاتھا۔
سورت ِ نصر ”ازاجانصراللہ والفتح ۔۔۔۔“‘ رسول اللہ پرمنیٰ میں اتری تھی جس کااردو ترجمہ اس طرح ہے ۔
”جب اللہ کی مدد آجائے اورفتح نصیب ہوجائے ۔اے نبی تم دیکھ لوکہ لوگ جوق درجوق اللہ کے دین میںداخل ہورہے ہیں۔بس آپ اللہ تعالیٰ کی تعریف کرو۔اور اسکی تسبیح کر و۔ اور اللہ سے مغفرت کی دعا مانگو۔بے شک وہ بڑا توبہ قبول کرنے والاہے۔“
حضرت عبداللہ بن عمر سے روایت ہے کہ 10 ہجری سن میں رسول اللہ نے اپنا آخری خطبہ حجتہ الوداع میدان عرفات میںدیاتھا ۔ مسلمانوں سے مخاطب ہوکرکہاتھا کہ آج دین اسلام مکمل ہوگیا ہے۔ یعنی ایک نظام حیات و حکومت مکمل ہوگیا ہے ۔باطل نظام ختم ہوگئے ہیں۔اب ٹکرانے والے نظام باقی نہیں رہے ۔حجتہ الوداع میں جونظام ِ حیات دیاگیاتھا اس نے زندگی کے ہرشعبہ معاشرت ‘معیشت‘سیاست ‘عقائد ‘ افکار کوبدل کررکھ دیاتھا ۔
افغان صدر کے محل میں داخل ہونے کے بعد طالبان نے سب سے پہلے سورت النصر اس لئے پڑھی کہ وہ ایک کمزور فوجی طاقت ہونے کے باوجودامریکہ جیسے سوپرپاور اورافغانستان کی تربیت یافتہ جوید اسلحہ سے لیس تین لاکھ فوج کوشکست فاش دینے میںکامیاب ہوئے ہیں ۔اللہ ذوالجلال کی مدد اور نصرت کے باعث ہی انھیں یہ فتح حاصل ہوئی ہے ۔انھوں نے کوئی جشن فتح نہیں منایا ۔ اور نہ اپنی کامیابی سے سرشار نظر آئے ۔بلکہ اللہ رب العزت کاشکرادا کیااوراللہ کی تعریف وتسبیح میں محو ہوگئے ۔طالبان کا یہ عمل ساری دنیا کے مسلمانوں کےلئے ایک عمدہ مثال اورواضح پیام ہے ۔دین اسلام کی تعلیم کے مطابق کسی ملک کوفتح کرنے کے بعدفخر کرنے اورجشن منانے کے بجائے اللہ تعالیٰ کاشکراداکریں ۔جنگ کے دوران خطائیں ہوئی ہوں کومعافی مانگیں توبہ کریں ۔اللہ کی تعریف کریں۔
