عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس دیگھا سے گھنسولی تک جوش و خروش کے ساتھ نکالا گیاتھانے (آفتاب شیخ)
ہر سال کی طرح امسال بھی سنی طیبہ مسجد دیگھا نئی ممبئی سے عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس بدھ کے روز بروقت 3 بجے نکالا گیا۔ جلوس محمدی کا آغاز جوش و خروش کے ساتھ ڈیگھا ائیرولی سے ہوا اور رابالے ایم آئی ڈی سی سے گزرتے ہوئے حضرت محمود شاہ درگاہ، گھنسولی میں دعا اور سلام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کی قیادت آل رسول دارلعلوم محبوب یزدانی، سنی سرکل رابوڑی کے ناظم اعلی حضرت علامہ مولانا سید تفضیل اشرف صاحب قبلہ نے فرمائی۔ جلوس سے قبل ایک مختصر پروگرام منعقد ہوا جس میں قاری محمد ذوالفقار اشرفی نے قرآت کی اور حضرت سید مونس مونس اشرف نے نعت شریف پیش کی۔ سنی طیبہ مسجد کے خطیب و امام قاری غلام جیلانی صاحب قبلہ نے حفاظ، ائمہ اور سیاسی رہنماؤں کا استقبال کیا۔
سنی طیبہ مسجد کے صدر صغیر احمد خان اور دیگر اراکین کمیٹی کی نگرانی میں جلوس عوام اہل سنت کی کثیر تعداد کے ساتھ رواں دواں رہا۔ رابالے میں حاجی ممتاز اور ان کی ٹیم نے جلوس کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ گھنسولی درگاہ میں لبیک ویلفیئر سوسائٹی نے شاندار استقبال کیا۔ راستے میں مختلف مقامات پر بھی جلوس کا استقبال ہوتا رہا۔
