ظلم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والے طلبا پر تشدد کی مذمت: مفتی اسماعیل

مالیگاؤں 16 دسمبر (عامر ایوبی) طاقت کے بل بوتے پر نہتے طلباء پر تشدد کرنا اور ان پر لاٹھی چارج کرنا، آنسو گیس داغنا اور فائرنگ کرنا ناقابل قبول ہے اس فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اس طرح کا اظہار خیال مجلس اتحاد المسلمین کے گروپ لیڈر و رکن اسمبلی مفتی اسماعیل قاسمی نے کیا موصوف فی الوقت ناگپور اسمبلی میں جاری اجلاس میں شریک ہونے کیلئے ناگپور میں ہی خیمہ زن ہیں موصوف بذریعہ فون نمائندہ سے رابطہ کرتے ہوئے کہا کہ مجلس اتحاد المسلمین شہریت ترمیمی قانون کو مہاراشٹر میں نافذ نا کیا جائے اس کیلئے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے سے ملکر گفتگو بھی کریں گے

موصوف نے شہری ترمیمی قانون کے نفاذ کے خلاف ہورہے احتجاج کو طاقت کے ذریعے روکنے کی مذمت کی اور کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اپنے بات پیش کرنے اور طلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا حق قانون نے دیا ہے لیکن اقتدار کے گھمنڈ میں ڈوبے لوگ ملک میں لاقانونیت کا نفاذکررہے ہیں اگر طلباء پر ہونے والے ظلم کو روکا نہیں گیا تو اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائیگا