مؤ، 16دسمبر (یوا ین آئی) اترپردیش کے مؤ میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ کے دوران شرپسند عناصر کے تھانہ میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگانے اور پولیس پر پتھراو کرنے کے بعد کوتوالی علاقہ میں احتیاطاََ کرفیو لگا دیا گیا ہے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ آریہ نے بتایا کہ پیر کی شام مظاہرہ کے دوران کچھ شرپسند عناصر نے دکشن ٹولہ تھانہ میں کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگا دی اور روڈویز کی دو بسوں پر پتھراو کیا،
اس واقعہ میں کئی مسافر زخمی ہوگئے۔ واقعہ کی اطلا ع ملنے پر موقع پر پہنچے فائربریگیڈ کے عملہ نے گاڑیوں میں لگی آگ کو بجھایا۔ پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔
انہوں نے بتایا کہ بے قابو بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے کوتوالی علاقہ میں دفعہ 144کو سختی کے ساتھ نافذ کرتے ہوئے احتیاطاََ کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دکشن ٹولہ اور سرائے لکھسنی میں جزوی طورپر کرفیو لگا دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالات کنٹرول میں ہیں۔ ضلع انتظامیہ لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہیں دینے اور امن وقانون قائم رکھنے کی اپیل کررہی ہے۔