شاہ پور کی ویلک کاتکاری واڑی میں کم عمری کی شادی روکی گئی انتظ امیہ کی بروقت کارروائی، کم عمر بچی کا مستقبل بچا لیا گیا

شاہ پور کی ویلک کاتکاری واڑی میں کم عمری کی شادی روکی گئی
انتظامیہ کی بروقت کارروائی، کم عمر بچی کا مستقبل بچا لیا گیا

تھانے (آفتاب شیخ):

شاہ پور تعلقہ کے ویلک کاتکاری واڑی میں ایک بچی کی کم عمری میں شادی کو بروقت کارروائی کے ذریعے روکتے ہوئے انتظامیہ نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ 20 مئی 2025 کو پیش آنے والے اس واقعے میں متعدد محکمہ جات اور اداروں نے مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے بچپن کی شادی کو انجام تک پہنچنے سے روک دیا۔

اس کارروائی میں چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر دھناشری سالونکھے، کسارا پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر سریش گاویت، سب انسپکٹر ساگر جادھو، ضلع خواتین و بچوں کی ترقیات دفتر کی نمائندہ دیپالی کامبلے، سیوا سماجک سنستھا سے سوریکھا ویشے، کسارا-1 کی سپروائزر اور بی بی پراجیکٹ کی چیف سیوکا کویتا جگتاپ نے بھرپور شرکت کی۔ چیف سیوکا کویتا جگتاپ نے جیسے ہی اس مجوزہ شادی کی اطلاع پائی، فوری طور پر کارروائی کی اور بچی کی زندگی کو نئی سمت دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

ضلع میں گزشتہ دو برسوں کے دوران کم عمری کی شادیوں کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ سال 2024 میں ایسے 18 معاملات کو روکا گیا جبکہ 2025 کے ابتداء سے اب تک 6 معاملات میں انتظامیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچپن کی شادی کو ہونے سے روکا ہے۔ یہ اعدادوشمار انتظامیہ کی چوکسی اور مسلسل بیداری مہم کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔

اس کامیاب مداخلت پر ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر سنجے باگل نے پوری ٹیم کی ستائش کرتے ہوئے کہا، "بچوں کی شادی جیسے سماجی مسئلے کے خلاف کارروائی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ میں پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایک بچی کا مستقبل سنوارنے کے لیے بروقت قدم اٹھایا۔"

چائلڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ، پولیس انتظامیہ، ضلع خواتین و بچوں کی ترقیات دفتر، اور این جی اوز کے اشتراک سے کی جانے والی یہ کارروائی معاشرے کے لیے ایک مثال بن چکی ہے۔ ضلع پریشد تھانے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بیداری کی سرگرمیاں اور عوامی تعاون حاصل کرنے کی مہم مزید تیز کی جائے گی تاکہ ایسے حساس معاملات میں کسی کو بھی بے خبری یا لاعلمی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading