شاہین باغ: مظاہرین کی حمایت کرنے پہنچے سینکڑوں سکھ، خواتین نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ’لنگر‘

دہلی واقع شاہین باغ مظاہرہ کا خمار پورے ہندوستان میں چھایا ہوا ہے اور اس درمیان خواتین احتجاجیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے کم و بیش 500 سکھوں کا ایک گروپ شاہین باغ پہنچا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سکھوں کا یہ گروپ پنجاب میں زراعت سے جڑا ہوا ہے اور جب انھیں پتہ لگا کہ شاہین باغ میں عورتیں شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں تو وہ ان کی حمایت میں یہاں پہنچ گئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ شاہین باغ کی خواتین نے ان سکھوں کا کھلے دل سے استقبال کیا اور پھر سبھی نے مل کر ’سی اے اے واپس لو‘، ’انقلاب زندہ باد‘ اور ’دیش کو بانٹنا بند کرو‘ جیسے نعرے بلند کیے۔


میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق سکھوں کی شاہین باغ آمد کی خبر پھیلتے ہی مقامی مرد حضرات بھی وہاں پہنچے اور سبھی نے پرجوش انداز میں شہریت مخالف قانون کے خلاف آواز اٹھائی۔ بات چیت کے دوران کچھ سکھ مظاہرین نے کہا کہ شہریت قانون آئین کے خلاف ہے جسے ہر حال میں واپس لیا جانا چاہیے اور مذہب کی بنیاد پر کسی بھی تفریق ناقابل برداشت ہے۔ اس موقع پر شاہین باغ کی مسلم خواتین نے سکھوں کے لیے ’لنگر‘ کا بھی انتظام کیا اور اپنے ہاتھوں سے انھوں نے ان کے لیے لذیز پکوان بنائے۔ لنگر بنائے جانے کی تصویریں سوشل میڈیا پر کافی وائرل بھی ہو رہی ہیں۔


واضح رہے کہ شاہین باغ میں گزشتہ تقریباً ایک مہینے سے بڑی تعداد میں خواتین کا احتجاج جاری ہے اور پولس کے زبردست دباؤ کے باوجود وہ ذرہ برابر بھی وہاں سے ہٹنے کو تیار نہیں ہوئیں۔ ہندوستانی و عالمی میڈیا بھی ان کو اچھی کوریج دے رہا ہے اور قابل قدر بات یہ ہے کہ سبھی خواتین اور طالبات انتہائی پرامن انداز میں یہ مظاہرہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading