دہلی کی تاریخی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری کی طبیعت اچانک بگڑنے کی اطلاع مل رہی ہے۔ انھیں بغرض علاج فوری طور پر پرائیویٹ اسپتال اپولو میں داخل کرایا گیا ہے۔ احمد بخاری کی ناساز طبیعت سے متعلق جانکاری ان کے پوتے سید اریب بخاری نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی ہے۔ اریب بخاری نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لوگوں سے اپنے دادا کی صحت کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر ویڈیو میں اریب بخاری کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ ’’میرے دادا، شاہی امام سید احمد بخاری کی طبیعت کچھ خراب ہو گئی ہے۔ انھیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ آپ سبھی سے گزارش ہے کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کریں۔‘‘ ان کے اس پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
امام بخاری کے خاندانی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ نے بتایا کہ انھیں ایک انفیکشن ہوا ہے، جس کے علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب سید احمد بخاری کی طبیعت بگڑی ہے۔ کچھ ماہ قبل بھی انھیں صحت سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے سبب ان کا آپریشن کیا گیا تھا۔ اس وقت بھی انھیں کچھ دن اسپتال میں گزارنا پڑا تھا۔ اس کے بعد سے وہ مستقل طور پر علاج اور ہیلتھ جانچ کروا رہے تھے۔