بی جے پی مہایوتی حکومت مہاراشٹر کو ’ڈوبتا مہاراشٹر‘ بنانے ک ی ذمہ دار، عوام معاف نہیں کرے گی: ہرش وردھن سپکال

بی جے پی مہایوتی حکومت مہاراشٹر کو ’ڈوبتا مہاراشٹر‘ بنانے کی ذمہ دار، عوام معاف نہیں کرے گی: ہرش وردھن سپکال

ڈرگس مافیا، کھرات معاملہ اور خواتین کے استحصال کے واقعات وزارت داخلہ کی ناکامی، فڑنویس مستعفی ہوں اور ریاست کو کل وقتی وزیر داخلہ دیا جائے

ممبئی: مہاراشٹر میں منشیات کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر کانگریس نے ریاستی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی مہایوتی حکومت کی پالیسیوں اور ناکامیوں کے باعث ریاست ’’ڈوبتا مہاراشٹر‘‘ کی طرف بڑھ رہی ہے اور نوجوان نسل تیزی سے منشیات کے جال میں پھنس رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام ایسی حکومت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

تلک بھون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ منشیات کا زہر اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہا بلکہ تعلقہ سطح تک پھیل چکا ہے۔ گجرات کے کاندلا بندرگاہ سے مہاراشٹر تک ایک منشیات راہداری قائم ہو چکی ہے، جس کے ذریعے یہ غیر قانونی کاروبار فروغ پا رہا ہے اور اسے سیاسی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلجاپور جیسے مقدس مقام کے میونسپل صدر کا نام مبینہ طور پر ڈرگس ریکیٹ سے جوڑا جا رہا ہے اور ایسے افراد کو سیاسی حمایت ملنا تشویشناک ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے قریبی رشتہ دار کے کھیت میں منشیات کا کارخانہ چل رہا تھا اور اس معاملے میں بھی مناسب کارروائی کے بجائے کیس کو دبانے کی کوشش کی گئی۔

ہرش وردھن سپکال نے ممبئی کے گورےگاؤں علاقے میں نیسکو کمپلیکس میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن کے سامنے منشیات اور شراب کی پارٹی ہونا ریاستی نظام کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال بطور وزیر داخلہ اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کی ذمہ داری پر سوال اٹھاتی ہے اور ریاست میں قانون و انتظام کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کے علاوہ دیگر سنگین واقعات بھی سامنے آئے ہیں، جن میں اشوک کھرات معاملہ، ناسک میں ایک آئی ٹی کمپنی میں خواتین کے استحصال کے الزامات اور امراؤتی میں متعدد لڑکیوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام معاملات میں شفاف تحقیقات اور سخت کارروائی ضروری ہے، جبکہ ناسک کے معاملے میں ایف آئی آر کو عوام کے سامنے لانے کا بھی مطالبہ کیا۔

ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ ریاست میں کل وقتی وزیر داخلہ نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید بگڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیویندر فڑنویس کو وزیر داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دینا چاہیے اور ریاست کو ایک بااختیار اور مکمل وقت دینے والا وزیر داخلہ فراہم کیا جانا چاہیے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

MPCC Urdu News 15 April 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading