سعودی عرب میں اتوار کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا اور پیر 6 مئی کو پہلا روز ہوگا جبکہ انڈیا اور پاکستان میں چاند نظر نہیں آیا ،اس لیے یکم رمضان منگل کو ہوگی ۔
العربیہ کی خبر کے مطابق سعودی عرب کے ایک چھوٹے گاؤں حوطۃ سدير میں فلکیاتی مبصرین کی ایک ٹیم نے چاند دیکھنے کی تصدیق کی ہے۔اس گاؤں میں جامعہ الجمعہ میں سعودی عرب کی رصدگاہ واقع ہے۔ یہ گاؤں دارالحکومت الریاض سے 140 کلومیٹر شمال میں صوبہ الریاض ، سدیر اور قصیم کے سنگم پر واقع ہے۔
اس رصدگاہ کے اعلان کے بعد سعودی عرب کے شاہی دیوان نے بھی رمضان المبارک کے آغاز کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
ہندوستان میں ممبئی کہ جامع مسجد مرکزی ہلال کمیٹی اورسنی جمعیتہ علماءبری مسجد نے اعلان کیا ہے کہ آج 29شعبان المعظم1440 ھ مطابق5 مئی2019 کو رمضان المبارک کا چاند نہیں ہوا ہے۔ اس لیے یکم رمضان المبارک منگل7مئی2019کو ہوگی۔جامع مسجد کے مفتی اشفاق قاضی اور ہانڈی والی مسجد کے امام وخطیب مولانا اعجاز کشمیری نے بڑی مسجد سے چاند نہیں ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پاکستان میں رؤیت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی شام ملک بھر میں کہیں سے بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی ٹھوس شہادت نہیں ملی ہے۔اس لیے سوموار کو 30 شعبان ہو گی اور منگل سات مئی کو پہلا روزہ ہوگا۔
توقع ہے کہ سعودی عرب کے علاوہ قطر ،متحدہ عرب امارات ، انڈونیشیا ، سنگاپور ، لبنان ،شام ، کویت ،اردن ، افغانستان اور فلسطینی علاقوں میں سوموار ہی کو روز پہلا روزہ ہوگا۔ یورپی ممالک میں مقیم مسلمان بالعموم سعودی عرب کے ساتھ ہی ماہ صیام کا آغاز کرتے ہیں۔اس مرتبہ بیشتر مسلم ممالک میں گرم موسم میں ماہ رمضان آرہا ہے۔ البتہ مغربی ممالک میں دن کے وقت موسم معتدل رہے گا۔
رمضان اور دوسرے قمری مہینوں کے آغاز کا انحصار چاند کی رؤیت پر ہوتا ہے۔اس ماہ کے دوران میں مسلمان سحری سے لے کر غروب آفتاب تک روزہ رکھتے ہیں۔اس دوران میں وہ کچھ کھاتے، پیتے نہیں اور بعض حلال امور سے بھی اجتناب کرتے ہیں.