ریّانش کھامکر نے تاریخ رقم کی، انڈیا بک آف ریکارڈز میں درج ہوا نام
تھانے کا 6 سالہ ریّانش بنا 15 کلومیٹر سمندری فاصلہ عبور کرنے والا سب سے کم عمر تیراک
تھانے (آفتاب شیخ)
تھانے کے اسٹارفش اسپورٹس فاؤنڈیشن کے 6 سالہ تیراک ریّانش دیپک کھامکر نے وجےدُرگ کے عرب سمندر میں مالپے جیٹی سے واگھوٹن جیٹی تک کی 15 کلومیٹر کی چیلنجنگ سمندری مسافت کو صرف 3 گھنٹے میں تیر کر مکمل کر کے تاریخ رقم کی۔ ریّانش اس فاصلہ کو عبور کرنے والا سب سے کم عمر تیراک بن گیا ہے، اور اس کی شاندار کامیابی کو انڈیا بک آف ریکارڈز میں درج کیا گیا ہے۔
ریّانش کی اس کامیابی پر ہر طرف سے تعریفوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ثقافت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر آشییش شیلار، تھانے ضلع شوقیہ تیراک ایسوسی ایشن کے صدر ایم ایل سی نرنجن ڈاوکھرے، اور مہاراشٹر اسٹیٹ شوقیہ تیراک ایسوسی ایشن کے نائب صدر راجیش مورے نے ریّانش کو مبارکباد دی اور اس کے روشن مستقبل کی دعا کی۔
ریّانش نے اسٹارفش اسپورٹس فاؤنڈیشن کے کوچ کیلاش آکھاڑے سے تیراکی کی تربیت حاصل کی ہے اور وہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے ماروتراو شندے سوئمنگ پول میں روزانہ مشق کرتا ہے۔ وہ تھانے کے نوپاڑا میں واقع سرسوتی انگلش میڈیم اسکول کا طالب علم ہے، اور اسکول نے بھی اس کی اس کامیابی پر اس کی تعریف کی ہے۔
پچھلے ایک سال میں ریّانش نے مختلف مقابلوں میں 13 تمغے جیتے ہیں، جن میں 5 سونے، 5 چاندی، اور 3 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔ اس کا وجےدُرگ میں سمندری تیراکی کا پہلا مقابلہ تھا، جس میں اس نے 3 گھنٹے میں 15 کلومیٹر کی مسافت طے کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
2024 میں ریّانش نے کئی مقابلوں میں حصہ لیا، جن میں 2 جون کو تھانے میں ریاستی سطح کی تیراکی مقابلے میں 25 میٹر بٹر فلائی ودھ فنس میں سونے کا تمغہ اور 50 میٹر فری اسٹائل ودھ فنس میں کانسی کا تمغہ، 6 جولائی کو کولہاپور میں تین ریاستوں کی تیراکی مقابلہ میں 50 میٹر بیک اسٹروک میں سونے کا تمغہ اور 17-18 اگست کو بینکاک، تھائی لینڈ میں ایشین اوپن اسکولز سوئمنگ چیمپئن شپ میں 6 سال سے کم عمر کے زمرے میں 4 تمغے شامل ہیں۔
ریّانش کی تاریخی کامیابی پر تھانے میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر سندیپ مالوی، ڈپٹی کمشنر مینا پالانڈے، سویمنگ پول؛ منتظمہ رِیما دیورکھر، اور نائب منتظم روی کلے نے بھی اس کی تعریف کی اور اسے مبارکباد دی۔
ریّانش کے حوصلے اور کامیابیوں نے تھانے کا نام روشن کر دیا ہے۔