
جے پور: راجستھان میں عالمی وبا کورونا وائرس رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھاچاریواس، اسمبلی میں نائب قائد حزب اختلاف راجیندر سنگھ راٹھور اور متعدد ارکان اسمبلی بھی متاثر ہوئے ہیں۔ کھاچریاواس کو جے پور کے آر یو ایچ ایس میں داخل کرایا گیا ہے، جبکہ راٹھور کی رپورٹ مثبت پائی گئی ہے۔
اسی طرح رفیق خان، رام لال جاٹ، اشوک لاہوٹی اور ارجن لال جینگر بھی کورونا کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ سابق وزراء رمیش مینا اور وشوندر سنگھ اور ایم ایل اے ہمیر سنگھ بھائل کی کورونا رپورٹ بھی مثبت پائی گئی۔
چیف منسٹر اشوک گہلوت نے ٹوئٹ کیا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ کانگریس کے ممبران اسمبلی رام لال جاٹ اور رفیق خان، بی جے پی کے ممبران اسمبلی راجندر سنگھ راٹھور، اشوک لاہوٹی اور ارجن لال جینگر کی کورونا رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ انہوں نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔