نئی دہلی ۔5۔مارچ ۔سینئر کانگریس لیڈر دگ وجے سنگھ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کو حادثہ بتا کر ایک بار پھر تنازع کو جنم دے دیا ہے۔ دگ وجے سنگھ نے جیش محمد کے دہشت گردانہ کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کو لے کر ٹویٹ میں لکھا کہ پلوامہ’ حادثہ‘ کے بعد ہماری فضائیہ کے ذریعہ کئے گئے فضائی حملہ کے بعد کچھ بیرونی میڈیا میں شبہ پیدا کیا جا رہا ہے جس سے حکومت ہند کی معتبریت پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔
دگ وجے سنگھ نے یکے بعد دیگرے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’’ ہمیں اپنی فوج پر، اس کی بہادری پر فخر ہے اور پورا بھروسہ ہے۔ فوج میں میں نے اپنے متعدد واقف کاروں اور قریب کے رشتہ داروں کو دیکھا ہے کہ کس طرح سے وہ اپنے کنبوں کو چھوڑ کر ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ ہم ان کا احترام کرتے ہیں لیکن پلوامہ حادثہ کے بعد فضائیہ کے ذریعہ کئے گئے ’ فضائی حملے‘ کے بعد کچھ بیرونی میڈیا میں شبہ پیدا کیا جا رہا ہے جس سے ہماری حکومت ہند کی معتبریت پر بھی سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔
