بھیونڈی ( شارف انصاری):- بھیونڈی شہر کی حد میں شانتی نگر پولیس نے چھاپہ مار کر نائیگاوں روڈ پر واقع گلیکسی ٹاکیز کے پاس سے دو گانجہ اسمگلر شاہنواز عرف سونو عبدالغفار خان 28 اور انیس عرف گڈو مظہر خان 35 کو 2 کلو 100 گرام گانجہ کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے ۔ مذکورہ دونوں ملزمین کی گرفتاری کے ساتھ ہی شہر میں غیر قانونی طریقے سے منشیات کا کاروبار چلانے والے لوگوں کھلبلی مچ گئی ہے ۔
موصولہ معلومات کے مطابق شہر میں نشہ مكت بھیونڈی بنانے کے لئے چلائی جا رہی مہم کے تحت ایک بیدار شہری نے شانتی نگر پولیس کو بتایا کہ بھیونڈی میں نائیگاوں روڈ پر دو منشیات کی اسمگلنگ کرنے والے نوجوان گانجہ فروخت کرنے کے لئے آنے والے ہیں ۔ اس اطلاع پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے سانتی نگر کے سینئر پولیس انسپکٹر کشور جادھو کی رہنمائی میں پولیس سب انسپکٹر وجئے سانپ پولیس ٹیم کے ساتھ جال بچھا کر بیٹھ گئے اسی دوران دو گانجہ اسمگلر موٹر سائیکل پر گانجہ فروخت کرنے کے لئے آئے پولیس نے ان کا محاصرہ کیا لیکن پولیس کے آنے کی بھنک انھیں لگتے ہی دونوں گانجہ اسمگلر فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے۔ لیکن پولیس کی ٹیم نے انھیں دوڑا کر پکڑ لیا۔ پولیس کی تلاشی کے دوران گانجہ اسمگلر شاہنواز خان اور انیش خان کے پاس سے 2 کلو 100 گرام نشہ آور اشیاء گانجہ برآمد ہوا ۔ جس کی قیمت 20 ہزار ایک سو روپئے بتائی جارہی ہے ۔ اسی کے ساتھ پولیس نے گانجہ اسمگلنگ میں استعمال کی جانے والی 45 ہزار روپئے قیمت کی ہونڈا موٹر سائیکل اور 15 ہزار روپئے قیمت کے دو موبائل فون بھی برآمد کر لیا۔ شانتی نگر پولیس نے مذکورہ دونوں گانجہ اسمگلر شاہنواز اور انیس کو اتوار کے روز بھیونڈی کورٹ میں پیش کیا تھا جہاں عدالت نے دونوں ملزمین کو 13 فروری تک پولیس حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے ۔ اس معاملے کی جانچ پولیس سب انسپکٹر وجئے سانپ کر رہے ہے ۔