تھانے میں ’ووٹ چوری‘ کے خلاف کانگریس کا مشعل مارچ
جمہوریت بچانے کے عزم کے ساتھ کارکنوں نے حکومت مخالف نعرے لگائے

تھانے (آفتاب شیخ)
پارلمنٹ میں حزب اختلاف کے رہنما اور کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ووٹر لسٹ میں بڑے پیمانے پر ہوئی گڑبڑیوں اور مبینہ ’ووٹ چوری‘ کے ثبوت پیش کیے ہیں۔ اسی سلسلے میں ووٹ چوری کے خلاف احتجاج درج کرانے کے لیے تھانے شہر (ضلع) کانگریس کمیٹی کی جانب سے ہفتہ کو ایک مشعل مارچ نکالا گیا۔
یہ مارچ شہر کانگریس کے مرکزی دفتر سے شروع ہوکر مارکیٹ روڈ کے راستے تھانے اسٹیشن پر واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر اختتام پذیر ہوا۔ مارچ کے دوران عہدیداروں اور کارکنوں نے ’’گلی گلی میں شور ہے، مودی سرکار چور ہے‘‘ اور ’’ووٹ چور گدی چھوڑ‘‘ جیسے نعرے لگائے۔
اس مشعل مارچ کی قیادت شہر کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ وکرانت چوہان نے کی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ووٹر لسٹ میں ہوئی گڑبڑیاں دراصل الیکشن کمیشن کے نظام کا بی جے پی کی جانب سے غلط استعمال ہے جو ایک سیاسی سازش اور جمہوریت پر حملہ ہے۔ لیکن کانگریس پارٹی جمہوریت اور دستور کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ووٹروں کو عزت و انصاف دلانے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہے گی۔
اس موقع پر مہاراشٹر کانگریس کے جنرل سیکریٹری انیس قریشی، تھانے کانگریس کے چیف ترجمان راہول پنگلے، جے بی یادو، بھال چندر مہاڈک، مہیندر مہاترے، ہندو راؤ گلوے، ایڈوکیٹ نشنیکانت کولی، روی کولی، سمتا ویتی، شریش گھرت، اجنکیا بھوئیر، سنگیتا کوٹل، وِنیِت تیواری، آشش گری، راجو شیٹی، نیلیش پاٹل، انجنی سنگھ، ڈاکٹر جیش پرمار، سریش بھوئیر سمیت دیگر عہدے دار، کارکن اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔