تھانے میونسپل کارپوریشن کی پتنگ بازی کے لیے چینی مانجا اور نائلون دھاگے پر پابندی
کارپوریشن حدود میں 255 دکانوں کی جانچ، 214 کلو پلاسٹک ضبط، 89 ہزار روپے جرمانہ

تھانے (آفتاب شیخ) تھانے میونسپل کارپوریشن نے پتنگ بازی میں چینی مانجا، نائلون اور پلاسٹک سے بنے دھاگے کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ دھاگہ نہ صرف انسانوں بلکہ پرندوں کے لیے بھی مہلک ثابت ہو رہا ہے۔ دسمبر کے دوران میونسپل حکام نے 255 دکانوں کی تفتیش کی، جن میں چینی مانجا تو نہیں پایا گیا، لیکن 214 کلو سنگل یوز پلاسٹک ضبط کر کے 89 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
پلاسٹک یا مصنوعی مواد سے تیار کردہ چینی مانجا میں شیشے کے ذرات، دھات اور دیگر تیز دھار مواد شامل ہوتے ہیں، جو انسانوں اور پرندوں کے لیے مہلک ہیں۔ یہ دھاگہ قدرتی طور پر تلف نہیں ہوتا، جس کے باعث پانی کی نکاسی کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ جانور اس مواد کو کھا کر زخمی ہو سکتے ہیں، اور بجلی کی لائنوں یا ٹرانسفارمرز پر الجھ کر بجلی کی فراہمی متاثر کر سکتا ہے۔
میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کی ہدایات پر تمام وارڈوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں ٹیکس انسپکٹر، صفائی انسپکٹر، ہیلتھ انسپکٹر، اور آلودگی کنٹرول کے اہلکار شامل ہیں۔ مہم کے دوران 214 کلو سنگل یوز پلاسٹک ضبط کیا گیا اور 89 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
چینی مانجا، نائلون دھاگے، یا دیگر ممنوعہ مواد کی فروخت، پیداوار یا استعمال پر شکایت کے لیے 8657887101 ٹول فری نمبر یا pcctmc.ho پر ای میل کے ذریعے اطلاع دی جا سکتی ہے۔
میونسپل کارپوریشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحولیات کی حفاظت اور عوامی بھلائی کے لیے ان مواد کے استعمال سے گریز کریں اور قانون کے نفاذ میں تعاون کریں۔
میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے کے ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ لہٰذا شہری اس پابندی کی پاسداری کریں اور محفوظ ماحول کے قیام میں مدد کریں۔