نل ٹیکس بقایاجات پر سخت کارروائی : تھانے میں 2606 نل کنکشن منقطع، 411 موٹر پمپ ضبط

تھانے (آفتاب شیخ) تھانے میونسپل کارپوریشن نے پانی کے بلوں کی بقایاجات کی وصولی کے لیے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔ دسمبر کے مہینے میں 2606 نل کنکشن منقطع کیے گئے، 411 موٹر پمپ ضبط کیے گئے، اور 73 پمپ رومز کو سیل کیا گیا۔ اس دوران 2330 بقایاداروں کو نوٹسیں بھی جاری کی گئیں۔
میونسپل کارپوریشن کے مطابق اپریل سے دسمبر کے دوران 77.98 کروڑ روپے کے پانی کے بل وصول کیے جا چکے ہیں۔ صرف دسمبر کے مہینے میں پانی سپلائی ڈپارٹمنٹ کی خصوصی مہم کے ذریعے 21.85 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

میونسپل حکام کا کہنا ہے کہ پانی بلوں کی مجموعی بقایا رقم تقریباً 225 کروڑ روپے ہے، جس میں 76 کروڑ روپے پرانی بقایاجات اور 148 کروڑ روپے موجودہ سال کے بل شامل ہیں۔ بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کے نل کنکشن منقطع کرنے اور پانی کی سپلائی بند کرنے کی کارروائی تیزی سے جاری ہے۔

پانی بل کی وصولی کے لیے میونسپل کارپوریشن نے ہر وارڈ میں سخت مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت نل کنکشن منقطع کرنے، موٹر پمپ ضبط کرنے، اور میٹر رومز کو سیل کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ بقایاجات ادا نہ کرنے اور غیر قانونی طور پر بحال شدہ کنکشنز پر قانونی کارروائی کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔

میونسپل کارپوریشن نے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے رہائشی صارفین کو ایک خصوصی اسکیم فراہم کی ہے۔ اگر صارفین 31 مارچ 2025 تک بقایا اور موجودہ بل مکمل ادا کر دیتے ہیں، تو انہیں ایڈمنسٹریٹو چارجز میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی۔ یہ رعایت کمرشل صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگی۔
سب اربن انجینئر ونود پوار نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وقت پر پانی کے بل ادا کریں اور بقایاجات کی ادائیگی میں تعاون کریں۔ بصورت دیگر، سخت کارروائی کی جائے گی۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading