تھانے میونسپل کارپوریشن کی بڑی کارروائی
دو دن میں 33 غیرقانونی تعمیرات زمین بوس، سی آر زیڈ کے بھنگار گودام بھی منہدم
تھانے (آفتاب شیخ)
ہائی کورٹ کی ہدایات اور میونسپل وارڈ کمیٹیوں کے معائنہ میں سامنے آنے والی غیرقانونی تعمیرات کے خلاف تھانے میونسپل کارپوریشن نے انسداد تجاوزات مہم کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دنوں کے دوران 33 غیرقانونی تعمیرات کو زمین بوس کر دیا۔ یہ کارروائی 19 اور 20 جون کو عمل میں آئی، جس میں مکمل عمارتیں، پلنتھ، کالم، سلیب اور اضافی تعمیرات شامل تھیں۔ کارروائی کے دوران سی آر زیڈ (کوسٹل ریگولیشن زون) علاقے میں قائم بھنگار گودام کو بھی منہدم کر دیا گیا۔ کارپوریشن نے اعلان کیا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کا سلسلہ آئندہ بھی مسلسل جاری رہے گا۔
میونسپل کمشنر سوربھ راؤ کی ہدایت پر ہر وارڈ کمیٹی میں اسسٹنٹ کمشنروں کی قیادت میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ شکایت ملنے پر فوری کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس کارروائی کی منصوبہ بندی اضافی میونسپل کمشنر پرشانت روڈے کی رہنمائی میں کی گئی۔
انسداد تجاوزات شعبہ کے ڈپٹی کمشنر شنکر پاٹولے نے بتایا کہ کارروائی کے دوران سی آر زیڈ علاقے میں غیرقانونی طور پر تعمیر کیے گئے بھنگار کے گودام، چار منزلہ عمارتیں، دکانوں کی غیرقانونی توسیع سمیت متعدد غیرقانونی تعمیرات کو توڑا گیا۔ کارروائی کے دوران پولیس اور مہاراشٹر سیکیورٹی فورس کے اہلکار تعینات رہے، جبکہ جے سی بی، پکلین، گیس کٹر، ٹریکٹر بریکڑ اور اضافی عملے کی مدد لی گئی۔
کارروائی کی تفصیلات درج ذیل ہیں
نوپادہ-کوپری میں 2، دیوا میں 12، ممبرا میں 3، کلوا میں 4، اُتھلسر میں 1، ماجیواڑا-مانپاڑا میں 5، ورتک نگر میں 2، لوکمانیہ نگر میں 2 اور واگلے اسٹیٹ میں 2 غیرقانونی تعمیرات کو منہدم کیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 33 غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی گئی۔
انسداد تجاوزات شعبہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح کی غیرقانونی تعمیرات سے گریز کریں کیونکہ کارپوریشن بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی جاری رکھے گی۔