تربیت کے دوران ضائع چھٹیوں کی اب ہوگی تلافی، ریکارڈ درج کرنے کا حکم
تھانے ضلع کے سینکڑوں اساتذہ کو فائدہ، محکمہ تعلیم کا بڑا فیصلہ
تھانے (آفتاب شیخ)
ریاست مہاراشٹر کے اساتذہ کے لیے خوشخبری ہے۔ اب چھٹیوں کے دوران تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ کے کھاتوں میں کمائی ہوئی چھٹیاں باقاعدہ درج کی جائیں گی۔ اساتذہ رہنما انیل بورنارے کے مطالبے پر محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے واضح احکامات جاری کیے ہیں۔ اس فیصلے سے تھانے ضلع کے سینکڑوں پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے اساتذہ کو براہِ راست فائدہ ہوگا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں ریاست بھر میں سینئر اور منتخب زمرہ کے تحت اساتذہ کی تربیت کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں ہزاروں اساتذہ نے شرکت کی۔ چھٹیوں کے دوران جب اساتذہ کو سرکاری کام یا تربیت کے لیے بلایا جاتا ہے تو ان دنوں کی کمائی ہوئی چھٹیاں ان کی سروس بک میں درج کی جاتی ہیں۔ تاہم متعدد اساتذہ نے شکایت کی تھی کہ مختلف اسکولوں اور دفاتر میں اس کا ریکارڈ نہیں رکھا جا رہا ہے۔
اساتذہ کی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے انیل بورنارے نے ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن کو باقاعدہ نمائندگی پیش کی، جس پر محکمہ تعلیم نے کارروائی کرتے ہوئے حکم جاری کر دیا۔ جاری کردہ آرڈر میں واضح کیا گیا ہے کہ مہاراشٹر پرائیویٹ اسکول ایمپلائز (سروس کی شرائط) قواعد 1981 کے قاعدہ نمبر 16 (18)(a) کے تحت ان اساتذہ کی کمائی ہوئی چھٹیاں ان کے کھاتوں میں درج کی جائیں گی جنہوں نے سینیئر پے اسکیل کے تحت تربیت (بشمول ہوم ورک) مکمل کی ہے۔
انیل بورنارے کے مطابق تھانے ضلع کے تحت آنے والے پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے سینکڑوں اساتذہ کو اس فیصلے سے فائدہ پہنچے گا، جس سے اساتذہ میں اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔